بلوچستان کے ضلع چاغی میں ریکوڈک پروجیکٹ سائٹ روڈ پر شدید ٹریفک حادثے کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے ہیں، حادثہ اس وقت پیش آیا جب پی ایس او کے آئل ٹینکر اور ایک مسافر گاڑی کے درمیان آمنے سامنے تصادم ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: جام شورو: مسافر بس کو المناک حادثہ، 16 جاں بحق، 30 زخمی
میڈیا رپورٹس کے مطابق مسافر گاڑی کا ڈرائیور، جس کا تعلق تفتان سے بتایا جاتا ہے، موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 11 افراد میں سے 10 غیر ملکی تھے جن کا تعلق ازبکستان سے تھا اور وہ ایران کی جانب سفر کررہے تھے۔ تصادم کے باعث مسافر گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔
حادثے میں زخمی ہونے والے 6 افراد کو فوری طور پر نوکنڈی کے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں 3 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔ اسپتال حکام کے مطابق ابتدائی طبی امداد کے بعد شدید زخمیوں کو بہتر علاج کے لیے اعلیٰ طبی مراکز منتقل کردیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: چلاس: ہنزہ جانے والی مسافر بس کو حادثہ، 20 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
واقعے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں جبکہ حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔














