برطانیہ کے ولی عہد پرنس آف ویلز شہزادہ ولیم اور ان کے 12 سالہ صاحبزادے شہزادہ جارج نے اس ہفتے لندن میں بے گھر افراد کی مدد کرنے والی معروف فلاحی تنظیم دی پیسج میں رضاکارانہ خدمات انجام دیں۔
یہ دورہ اس لحاظ سے خاص اہمیت رکھتا ہے کہ شہزادہ ولیم خود بھی کم عمری میں اپنی والدہ، آنجہانی شہزادی ڈیانا کے ساتھ اسی پناہ گاہ کا دورہ کر چکے تھے۔
یہ بھی پڑھیے: شہزادہ ولیم چچا اینڈریو کے خلاف سخت اقدام پر کیوں خوش ہیں؟
منگل کی صبح شہزادہ ولیم اور شہزادہ جارج نے دی پیسج کا دورہ کیا جہاں انہوں نے تنظیم کے سالانہ کرسمس لنچ کی تیاریوں میں ہاتھ بٹایا۔ شاہی خاندان کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر جاری ویڈیو میں شہزادہ جارج کو ایپرن پہنے، کرسمس کی سجاوٹ لگاتے اور کھانے کی تیاری میں مدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو کے ساتھ جاری بیان میں کہا گیا کہ ‘دی پیسج کے رضاکاروں اور عملے کے ساتھ کرسمس لنچ کی تیاری میں شامل ہو کر فخر محسوس ہو رہا ہے، اس بار ایک اضافی مددگار کے ساتھ۔’
شہزادہ ولیم نے پہلی بار 11 برس کی عمر میں اپنی والدہ شہزادی ڈیانا کے ہمراہ اس فلاحی ادارے کا دورہ کیا تھا، جسے وہ اپنی زندگی کا ایک اہم موڑ قرار دیتے ہیں۔ یہی تجربہ بعد ازاں بے گھر افراد کے مسئلے پر ان کی عملی جدوجہد کا سبب بنا، جس میں ان کا ’ہوم ورڈز‘ پروگرام بھی شامل ہے جو برطانیہ بھر میں بے گھر افراد کے لیے منصوبوں کو مالی معاونت فراہم کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: پچھلے جنم میں لیڈی ڈیانا تھا، آسٹریلوی بچے کا حیرت انگیز دعویٰ
اس موقع پر جاری ایک اور پوسٹ میں 2 تصاویر بھی شیئر کی گئیں، ایک حالیہ دورے کی اور دوسری 1993 میں شہزادی ڈیانا اور کم عمر شہزادہ ولیم کی، جو انسان دوستی کی ایک خوبصورت روایت کی عکاسی کرتی ہیں۔
دورے کے دوران شہزادہ جارج نے مہمانوں کی کتاب میں اسی صفحے پر دستخط کیے جہاں ان کے والد اور دادی پہلے ہی دستخط کر چکے تھے۔ دونوں نے بے گھر افراد سے ملاقات کی اور تنظیم کی خدمات کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔













