عظمت شہدا کنونشن: وزیراعظم شہباز شریف فرط جذبات سے آبدیدہ ہو گئے

بدھ 24 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف بدھ کو عظمت شہدا کانفرنس میں شرکت کے دوران قومی ہیروز کے ورثا سے ملاقات کے موقع پر فرط جذبات سے آبدیدہ ہوگئے۔

 

تقریب میں انہوں نے وطن عزیز کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے شہیدوں کے ورثا سے بات چیت کی۔ اس موقع پر خصوصاً شہدا کے عمررسیدہ والدین اور چھوٹے بچوں کو دیکھ کر وزیراعظم اپنے آنسوؤں پر قابو نہ رکھ سکے۔

اس جذباتی و متاثر کن تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف نے اراکین کابینہ، پارلیمنٹیرین  اور گور نر حضرات کے ہمراہ شرکت کی۔ جب وزیراعظم شہدا کے ورثا سے ملاقات کررہے تھے تو اس موقع پر ملک کے چیف ایگزیکٹیو کے سامنے شہدا کے ورثا خصوصاً بزرگ اور کم عمر اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ پائے اور ان کی آنکھوں سے آنسو رواں ہوگئے جس پر شہباز شریف بھی شدت جذبات سے مغلوب دکھائی دیے۔

وزیراعظم نے اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکنے والے ورثا کو دلاسا دیتے ہوئے باور کروایا کہ وہ اور پوری قوم ان کے دل کے گوشوں کی قربانیوں پر نہ صرف شہدا بلکہ ورثا کے بھی ممنون احسان ہیں۔ وزیراعظم نے ورثا کو اپنے ہاتھ سے پانی بھی پیش کیا۔

اسلام آباد میں منعقدہ عظمت شہدا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آپ کے عظیم سپوتوں نے جان ہتھیلی پر رکھ کر دہشت گردی کا خاتمہ کیا۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ شہدا کسی ایک مسلک یا جماعت کے نہیں بلکہ پورے ملک کے عوام ان کا احترام کرتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چاہے ملک کے اندرونی مسائل ہوں یا سرحدوں کی حفاظت کا معاملہ آج تک افواج پاکستان اور پولیس سمیت دیگر سیکیورٹی ایجنسیوں نے بھرپور کردار ادا کیا۔

سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے موقع پر 9 مئی کو ملک بھر میں ہونے والے پرتشدد احتجاج اور حساس تنصیبات پر حملوں سمیت شہدا کی نشانیوں کی بے حرمتی کی جانب اشارہ کرتے ہوئیے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو ریڈ لائن کراس کی گئی اور چشم فلک نے ایسے دلخراش مناظر کبھی نہیں دیکھے کہ وطن کے شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی ہو۔

سانحہ 9 مئی کو ہمیشہ سیاہ باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا، اسپیکر قومی اسبملی

ملک بھر میں 25 مئی کو منائے جانے والے یوم تکریم کے حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پوری قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے اور قوم پاک افواج  کے ان عظیم جوانوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے ملک کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کا سینہ سپر ہو کر مقابلہ کیا۔

راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ سانحہ 9 مئی کو تاریخ میں ہمیشہ سیاہ باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے اس سانحہ میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے اور ایسے دشمن عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیا۔

دریں اثنا قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے میڈیا ڈپارٹمنٹ کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی جمعرات 25 مئی کو یوم تکریم شہدا کے سلسلے میں شہدا کے مزارات پر حاضری دیں گے اور پھولوں کی چادر چڑاھیں گے۔

راجہ پرویز اشرف اس سلسلے میں کیپٹن راجہ محمد سرور شہید کے مزار سنگھوری گاؤں اور سوار محمد حسین شہید کے مزار گاؤں ماندرہ گوجر خان میں حاضری دیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp