کراچی بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے حوالے سے پیدا ہونے والا تنازعہ بالآخر نئی تاریخ کے اعلان کے ساتھ ختم ہو گیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر کراچی بار ایسوسی ایشن حق نواز تالپور ایڈووکیٹ نے اعلان کیا ہے کہ ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات اب 17 جنوری 2026 کو منعقد ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیے: کراچی بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کا شیڈول جاری کردیا گیا
حق نواز تالپور ایڈووکیٹ کے مطابق امیدواروں، وکلا تنظیموں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے تفصیلی مشاورت کے بعد انتخابات کی نئی تاریخ کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شفاف، منصفانہ اور بروقت انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی اولین ترجیح ہے، اسی لیے تمام متعلقہ فریقین کو اعتماد میں لے کر فیصلہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ کراچی بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات 18 دسمبر کو اچانک ملتوی کر دیے گئے تھے۔ اس کی وجہ اُس وقت کے چیف الیکشن کمشنر اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج وسطی نعیم میمن کی طبیعت کی ناسازی بتائی گئی تھی۔ طبی وجوہات کے باعث وہ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے قابل نہ رہے، جبکہ تکنیکی وجوہات کی بنا پر بروقت نئے چیف الیکشن کمشنر کا تقرر بھی ممکن نہ ہو سکا۔
یہ بھی پڑھیے: کراچی بار ایسوسی ایشن کے انتخابات کیوں مؤخر ہوئے؟
انتخابات کے التوا کے بعد صورتِ حال اس وقت مزید پیچیدہ ہو گئی جب دوپہر کے وقت پریزائیڈنگ افسران نے پولنگ کا سامان واپس جمع کرا دیا، جس سے وکلا برادری میں بے چینی پھیل گئی۔ بعد ازاں کراچی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے 23 دسمبر کو انتخابات کے لیے نئی تاریخ تجویز کی گئی تھی۔
اب چیف الیکشن کمشنر کے اعلان کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ 17 جنوری 2026 کو انتخابات بغیر کسی رکاوٹ کے منعقد ہوں گے اور کراچی بار ایسوسی ایشن کی نئی قیادت کا انتخاب عمل میں آئے گا۔














