انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر راب کی نے کہا ہے کہ ٹیم منیجمنٹ ان خبروں کی تحقیقات کرے گی جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایشز سیریز کے دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ کے درمیان وقفے کے دوران کھلاڑیوں نے حد سے زیادہ شراب نوشی کی۔
یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ کو تیسرے ٹیسٹ میں بھی شکست، آسٹریلیا نے ایک بار پھر ایشیز سیریز اپنے نام کرلی
پرتھ اور برسبین میں 8 وکٹوں سے شکست کے بعد انگلینڈ ٹیم نے نوسا میں وقفہ کیا تھا جہاں برطانوی اور آسٹریلوی میڈیا رپورٹس کے مطابق کھلاڑیوں نے اس سیاحتی مقام پر قیام کے دوران مسلسل شراب نوشی کی۔
میلبرن میں باکسنگ ڈے ٹیسٹ سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راب کی نے کہا کہ ان رپورٹس کو سنجیدگی سے لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر یہ کہا جا رہا ہے کہ کھلاڑی 6 دن تک مسلسل شراب پیتے رہے تو یہ ناقابل قبول ہے۔ ہم حقائق کا جائزہ لیں گے تاکہ معلوم ہو سکے کہ کیا درست ہے اور کیا مبالغہ آرائی کی گئی ہے۔
راب کی نے واضح کیا کہ بین الاقوامی کرکٹ ٹیم سے کسی بھی مرحلے پر ضرورت سے زیادہ شراب نوشی کی توقع نہیں کی جا سکتی۔
مزید پڑھیے: ون ڈے سیریز، تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو شکست دے کر کلین سوئپ کرلیا

ان کا کہنا تھا کہ اگر الزامات درست ثابت ہوئے تو ان کی مکمل جانچ کی جائے گی تاہم ابتدائی معلومات کے مطابق کھلاڑیوں کا رویہ مجموعی طور پر مناسب تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وقفے کا مقصد آرام اور ذہنی بحالی ہونا چاہیے تھا نہ کہ کسی قسم کی تفریحی یا غیر سنجیدہ سرگرمیاں۔
ان کا کہنا تھا کہ زیادہ شراب نوشی یا کسی پارٹی جیسا دورہ مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔
راب کی نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ایشز سے قبل نیوزی لینڈ میں محدود اوورز کے ایک میچ سے پہلے انگلینڈ کے کھلاڑیوں کی شراب نوشی کی رپورٹس کا بھی جائزہ لیا گیا تھا اگرچہ اس وقت کوئی باضابطہ کارروائی نہیں کی گئی تھی بلکہ غیر رسمی وارننگ دی گئی تھی۔
اگرچہ انگلینڈ نے محض 11 کھیل کے دنوں میں ایشز سیریز گنوا دی جو ایک صدی سے زائد عرصے میں تیز ترین شکستوں میں سے ایک ہے تاہم راب کی نے ہیڈ کوچ برینڈن مک کولم کی حمایت جاری رکھی۔ البتہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ دونوں کی کارکردگی کا جائزہ لے رہا ہے۔
مزید پڑھیں: انگلینڈ کے پہلے بادشاہ اَیتھل اسٹین کو تاریخ نے کیوں بھلا دیا؟
راب کی نے تسلیم کیا کہ حالیہ بڑے مقابلوں میں انگلینڈ کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے جن میں ہوم ایشز سیریز کا ڈرا اور بھارت کے خلاف ہوم سیریز شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بڑے مواقع ہم سے ہاتھ سے نکل گئے ہیں ہمیں خود کو بہتر بنانا ہوگا۔














