خیبر پختونخوا کو معاشی بحران سے کیسے نکالا جائے؟ آل پارٹیز کانفرنس میں اہم فیصلے

بدھ 24 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان کی میزبانی میں آل پارٹیز کانفرنس میں صوبے کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے لائحہ عمل پر غور کیا گیا ہے۔

آل پارٹیز کانفرنس میں این ایف سی، آئل اینڈ گیس رائلٹی، بجلی کے خالص منافع، ضم اضلاع کے فنڈز سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر صوبے کے آئینی حقوق کے حصول کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین پر مشتمل جرگہ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو آئندہ ہفتے اس سلسلے میں وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ ملاقات کرکے معاملہ اٹھائے گا۔

اے پی سی میں محکمہ خزانہ کے حکام کی طرف سے اجلاس کے شرکا کو صوبے کے مالی مسائل اور وفاق سے جڑے مالی امور پر بریفنگ دی گئی جس میں کہا گیا کہ رواں سال اب تک مختلف فیڈرل ٹرانسفرز کی مد میں وفاق کے ذمے 180 ارب روپے واجب الادا ہیں۔

بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ انضمام کے وقت ضم اضلاع کے لیے جو وعدے کیے گئے تھے وہ ابھی تک پورے نہیں ہوئے۔

فاٹا انضمام کو کامیاب بنانے کے لیے وعدوں کی تکمیل پر زور

اس موقع پر آل پارٹیز کانفرنس کے شرکا نے کہا کہ سابقہ فاٹا کے انضمام کو کامیاب بنانے کے لیے وعدوں کی تکمیل بہت ضروری ہے۔

سیاسی قائدین نے صوبے کے حقوق کے لیے آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر نگران وزیر اعلیٰ اعظم خان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ ان کا انتہائی احسن اقدام ہے۔

آل پارٹیز کانفرنس میں شریک سیاسی قائدین نے صوبے کے آئینی حقوق کے حصول کے لیے سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر مشرکہ کوششیں کرنے پر اتفاق کیا۔

جنگلات میں پڑی لکڑی کو فروخت کرنے کی تجویز سامنے آ گئی

آل پارٹیز کانفرنس میں صوبے کو مالی مشکلات سے نکالنے کے لیے فوری اقدام کے طور پر صوبے کے مختلف جنگلات میں پڑی ونڈ فال لکڑی کو فروخت کرنے کی تجویز دی گئی۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ سالہا سال سے جنگلات میں پڑی لکڑی خراب ہو رہی ہے ،جنگلات میں پڑی لکڑی کو فروخت کرنے سے 100 سے 150 ارب روپے کی آمدن متوقع ہے اور اس سے صوبائی حکومت کو خاطر خواہ آمدن ملنے کے علاوہ مقامی لوگوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

اجلاس کے شرکا نے جنگلات میں پڑی لکڑی کو فروخت کرنے کے سلسلے میں مروجہ قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

آل پارٹیز کانفرنس کے شرکا نے تجویز سے اتفاق اور معاملہ منظوری کے لیے صوبائی کابینہ کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا۔

مالی مشکلات سے نمٹنے کے لیے سیاسی قائدین کے تعاون کی ضرورت ہے: اعظم خان

نگران وزیراعلیٰ اعظم خان نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ اس وقت مالی مشکلات کا شکار ہے۔ ان حالات سے نکلنے کے لیے تمام سیاسی قائدین کے تعاون کی ضرورت ہے۔

اعظم خان کا کہنا تھا کہ صوبے کو مالی بحران سے نکالنے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت پر سیاسی قائدین کا مشکور ہوں۔ امید ہے ان سیاسی قائدین کے تعاون سے صوبے کو مالی مشکلات سے نکالیں گے۔

اعظم خان کی میزبانی میں ہونے والی اے پی سی میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق، اکرم درانی، آفتاب شیر پاؤ، ایمل ولی، ارباب عالمگیر، امیر مقام، الحاج شاہ جی گل آفریدی اور دیگر نے شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp