پنجاب پروٹیکشن آف پراپرٹی قانون کی معطلی، کیا یہ قانون جاتی عمرہ کے لیے بھی خطرناک تھا؟

بدھ 24 دسمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب پروٹیکشن آف اونر شپ کے ذریعے اب تک کتنے کیسز نمٹائے گئے اور لاہور ہائیکورٹ نے یہ کیوں کہا کہ اگر یہ قانون رہ گیا تو جاتی عمرہ بھی آدھے گھنٹے میں نکل جائے گا؟

پنجاب حکومت نے یہ آرڈیننس 30 اکتوبر 2025 کو نافذ کیا، جو گورنر پنجاب کی منظوری کے بعد جاری ہوا۔ اس کا بنیادی مقصد برسوں سے التوا میں پڑے زمین اور جائیداد کے مقدمات کو 90 دن کے اندر نمٹانا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:وطن واپسی کے 2 سال، کیا نواز شریف کی سیاسی زندگی اب جاتی عمرہ تک محدود ہوگئی ہے؟

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے مطابق یہ قانون عوام کی منتخب صوبائی اسمبلی نے بنایا تاکہ طاقتور لینڈ مافیا سے عوام کو نجات ملے۔ قانون کے تحت شہادت پر مبنی طریقۂ کار اپنایا گیا اور پہلی بار عوام کو اپنی قانونی جائیداد کے تحفظ کی طاقت ملی۔ حکومت کا دعویٰ ہے کہ اس کے نفاذ کے چند ہفتوں میں 5 ہزار سے زائد مقدمات کے فیصلے ہوئے اور حق داروں کو انصاف ملا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جاری اپنے بیان میں کہا کہ قانون سازی کرنا صوبائی اسمبلی کا آئینی حق ہے اور اسے روکا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے کہا اس قانون کو روکنے کا نقصان مریم نواز شریف کی ذات کو نہیں بلکہ غریبوں، مسکینوں، بے کسوں، بیواؤں اور مظلوموں کو ہوگا جن کی داد رسی ہو رہی تھی۔ انصاف ملنے سے غریب اور مظلوم کی بندھ جانے والی آس ٹوٹ جائے گی۔

جاتی عمرہ بھی آدھے گھنٹے میں نکل جائے گا

22 دسمبر کو لاہور ہائیکورٹ کی چیف جسٹس عالیہ نیلم نے عابدہ پروین اور دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالت نے آرڈیننس پر عمل درآمد روک دیا، تمام قبضوں کو واپس کرنے کا حکم دیا اور فل بنچ کی تشکیل کی سفارش کی۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو بتائیے کہ یہ قانون رہ گیا تو جاتی عمرہ بھی آدھے گھنٹے میں نکل جائے گا۔

چیف جسٹس نے چیف سیکریٹری سے کہا کہ چیف سیکریٹری صاحب لگتا ہے آپ نے یہ قانون نہیں پڑھا؟ لگتا ہے کہ کچھ لوگوں کی خواہش ہے کہ انہیں تمام اختیارات دے دیے جائیں۔ یہ قانون بنا کیوں ہے؟ اس کا مقصد کیا ہے؟ انہوں نے آرڈیننس کو عدالتی سپرمیسی اور سول حقوق کے خلاف قرار دیا۔

پنجاب اسمبلی میں آج کا ردعمل

پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں صوبائی وزرا نے آرڈیننس کی حمایت میں شدید ردعمل دیا۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس قانون کے تحت اب تک 5,044 کیسز کے فیصلے ہو چکے ہیں اور حق داروں کو ان کی جائیدادیں واپس مل چکی ہیں۔ اس وقت پورے پاکستان میں تقریباً 23 لاکھ کیسز زیر التوا ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ میں 1 لاکھ 69 ہزار کیسز میں سے 11 ہزار صرف پراپرٹی سے متعلق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ قانون جائیداد کے قانونی حق کا تحفظ کرتا ہے۔ غیر قانونی قبضہ ثابت ہونے پر 90 دن میں فیصلہ لازم ہے۔ ورلڈ جسٹس پروجیکٹ کی 2025 کی رپورٹ کے مطابق پراپرٹی کیسز میں سول کورٹ میں اوسطاً 20 سال، ہائی کورٹ میں 5 سال اور سپریم کورٹ میں 15 سال لگتے ہیں۔ ہم قبضہ مافیا کے ساتھ کیوں کھڑے ہوں؟

صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ وزیراعلیٰ غریب، لاچار اور کمزور افراد کی زمینوں پر قبضے ختم کرنے کے لیے آرڈیننس لے کر آئیں۔ آرڈیننس کا مقصد غریبوں اور مزدوروں کی زمینیں قبضہ مافیا سے واگزار کرانا ہے۔

صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ ذیشان رفیق نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگوں کی قسمت میں اچھا کام کرنا نہیں، اس لیے وہ ہر مثبت اقدام کی مخالفت کرتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

برطانیہ کی مسجد میں نمازیوں کی ورزش کے سیشنز، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

پرامن مظاہرین کیخلاف کارروائی نہ کریں، ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی سیکیورٹی فورسز کو ہدایت

امریکا کی بحر اطلس میں کارروائی، وینزویلا سے منسلک 2 روسی تیل بردار جہازوں پر قبضہ

چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے خصوصی سیکیورٹی یونٹ قائم کیا جارہا ہے، محسن نقوی

کترینہ کیف اور وکی کوشل نے اپنے بیٹے کا نام مداحوں کے ساتھ شیئر کردیا

ویڈیو

خیبرپختونخوا میں گورنر راج، کیا سہیل آفریدی کی چھٹی کا فیصلہ ہوگیا؟

تبدیلی ایک دو روز کے دھرنے سے نہیں آتی، ہر گلی محلے میں عوام کو متحرک کریں گے، سلمان اکرم راجا

کراچی میں منفرد  ڈاگ شو کا انعقاد

کالم / تجزیہ

امریکا تیل نہیں ایران اور چین کے پیچھے وینزویلا پہنچا

وینزویلا کی’فتح‘ کے بعد، دنیا کا نقشہ کیا بنے گا؟

منو بھائی کیوں یاد آئے؟