اسلام آباد کے تھانہ شمس کالونی کی حدود میں بین الصوبائی ڈکیت گینگ نے پولیس وین پر فائرنگ کی، جس کے دوران زیر حراست ملزم شاہ سوار عرف کرش اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں سے زخمی ہو گیا۔ پولیس کے حفاظتی اقدامات اور بلٹ پروف جیکٹس کی بدولت ٹیم محفوظ رہی۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد پولیس کی کارروائی، دہرے قتل کا مجرم گرفتار
پولیس کے مطابق واقعہ آئی 12 کے قریب پیش آیا جب 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 مسلح ملزمان نے پولیس وین کو روکا اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس وین میں موجود ملزم شاہ سوار کو تھانہ شمس کالونی کے مقدمہ میں چھینی گئی موٹر سائیکل واپس لینے کے لیے بر ریمانڈ جسمانی کے دوران لے جایا جا رہا تھا۔

فائرنگ کے دوران شاہ سوار اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں سے زخمی ہوا اور فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق شاہ سوار سنگین جرائم کے 10 سے زائد مقدمات میں اسلام آباد اور راولپنڈی پولیس کو مطلوب تھا، اور تھانہ سبزی منڈی اور تھانہ کھنہ میں پولیس پر فائرنگ اور دہشتگردی کے مقدمات میں اشتہاری بھی تھا۔
پولیس کی گاڑی کے فرنٹ اور سائیڈ پر فائر لگنے سے نقصان ہوا، لیکن ٹیم محفوظ رہی۔ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔














