عمان کے رائل نیوی کے کمانڈر، ریئر ایڈمرل سیف بن ناصر بن محسن الرحبی نے اسلام آباد میں نیول ہیڈ کوارٹرز میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی بحری سلامتی اور دوطرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مہمان نے پاکستان نیوی کے پیشہ ورانہ معیار کی تعریف کی اور خطے میں بحری سلامتی اور استحکام کے لیے اس کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیے: پاک بحریہ اور رائل نیوی آف عمان کی دوطرفہ بحری مشق، تجربات کا تبادلہ
بعد ازاں، چیف آف دی نیول اسٹاف اور رائل نیوی آف عمان کے کمانڈر نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں ایک تقریب کے دوران وائٹ شپنگ معلومات کے اشتراک سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ اس کا مقصد معلومات کے اشتراک کے لیے رہنما اصول اور طریقہ کار قائم کرنا ہے تاکہ وائٹ شپنگ کے بارے میں باہمی آگاہی میں اضافہ ہو۔
پاکستان اور عمان جغرافیائی قربت کے حامل ہیں اور مشترکہ بحری حدود رکھتے ہیں۔ دونوں بھائی ممالک کے درمیان تعلقات وسیع دائرہ کار کے حامل ہیں جن میں اقتصادی تعاون، عوامی رابطے اور مضبوط دفاعی تعلقات شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: کابینہ نے پاکستان اور عمان کے درمیان مسافر اور کارگو فیری سروس کی منظوری دیدی
دونوں نیویز کے درمیان پیشہ ورانہ تعلقات گہرے ہیں جو دو طرفہ اسٹاف لیول رابطوں، تربیت، دوطرفہ مشقیں اور کثیرالملکی مشقوں میں شرکت کے ذریعے ظاہر ہوتے ہیں۔













