بلوچستان میں سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف شہروں سے اندرونِ صوبہ اور دیگر صوبوں کے لیے ٹرین سروس ایک بار پھر معطل کر دی گئی ہے، جس کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بلوچستان حکومت اور پاکستان ریلویز کا پیپلز ٹرین سروس شروع کرنے پر اتفاق
ریلوے حکام کے مطابق سیکیورٹی خدشات کے باعث بلوچستان سے ٹرین سروس ایک روز کے لیے معطل کی گئی ہے۔ کوئٹہ سے پشاور کے لیے جعفر ایکسپریس آج روانہ نہیں ہوگی، جبکہ کوئٹہ سے کراچی کے لیے بولان میل بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ سرحدی شہر چمن کے لیے چلنے والی چمن پسنجر ٹرین بھی آج نہیں چلے گی۔ سیکیورٹی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہیں۔

ریلوے حکام نے مزید بتایا کہ بلوچستان سے ٹرین سروس کل سے معمول کے مطابق بحال کر دی جائے گی۔ مسافروں سے درخواست کی گئی ہے کہ سفر سے قبل ٹرینوں کے شیڈول کے بارے میں ریلوے سے تصدیق ضرور کر لیں۔














