الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے جمعرات کے روز کوئٹہ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے تمام انتخابی مراحل معطل کر دیے ہیں۔ یہ انتخابات 28 دسمبر 2025 کو منعقد ہونا تھے، تاہم یہ فیصلہ وفاقی آئینی عدالت کے احکامات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔
ای سی پی کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اقدام وفاقی آئینی عدالت کے 24 دسمبر 2025 کے حکم کی تعمیل میں اٹھایا گیا ہے، جو آئینی درخواست نمبر C.P.L.A No. 153/2025 (قادر شاہ بن سلیمان شاہ بنام الیکشن کمیشن آف پاکستان) میں جاری کیا گیا تھا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ ضلع میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق الیکشن کمیشن کا 3 نومبر کو جاری ہونے والا سابقہ نوٹیفکیشن جس کے تحت انتخابی عمل شروع کیا گیا تھا، فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ یہ معطلی آئندہ احکامات تک مؤثر رہے گی۔
یہ بھی پڑھیے: وفاقی آئینی عدالت کا کوئٹہ بلدیاتی انتخابات پر حکمِ امتناع، فریقین کو نوٹس جاری
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق تمام سرگرمیاں اس وقت تک معطل رہیں گی جب تک مجاز اتھارٹی کی جانب سے مزید ہدایات جاری نہیں کی جاتیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی جانب سے انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست بھی الیکشن کمیشن نے مسترد کر دی تھی، تاہم عدالت کے حالیہ حکم کے بعد انتخابی عمل روک دیا گیا ہے۔
ای سی پی کے مطابق وہ عدالتی فیصلوں پر مکمل عملدرآمد کا پابند ہے اور آئندہ لائحہ عمل کا اعلان عدالت یا متعلقہ حکام کی ہدایات کے بعد کیا جائے گا۔














