فٹبال کے میدان میں دہائیوں سے جاری کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی کی رقابت اب صرف گولز اور ٹرافیوں تک محدود نہیں رہی، بلکہ 2025 میں یہ مقابلہ کمائی کی جنگ میں بھی پوری شدت کے ساتھ جاری ہے۔
تازہ مالی اعداد و شمار کے مطابق، اس سال فٹبال میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والے کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو رہے، جن کی سالانہ آمدن 280 ملین ڈالر تک جا پہنچی۔
ماہرین کے مطابق رونالڈو کی یہ کمائی محض تنخواہ نہیں بلکہ سعودی فٹبال کی سافٹ پاور، سیاحت، لیگ برانڈنگ اور عالمی تشہیر کا مجموعہ ہے۔
ماہرینِ معاشیات کا کہنا ہے کہ رونالڈو کا معاہدہ ایک کھلاڑی کے طور پر ہی نہیں ہوتا بلکہ یہ ایک مکمل معاشی پیکیج ہوتا ہے۔
رونالڈو: فٹبال سے باہر بھی کمائی کا بادشاہ
کرسٹیانو رونالڈو کی آف فیلڈ آمدن بھی ان کے گولز جتنی طاقتور ہے۔ نائکی، بائننس اور CR7 برانڈ کے ذریعے وہ سالانہ تقریباً 50 ملین ڈالر کماتے ہیں۔ مارکیٹنگ ماہرین انہیں دنیا کا سب سے زیادہ کمرشل اسکیل ایبل ایتھلیٹ قرار دیتے ہیں، جن کی ایک سوشل میڈیا پوسٹ کئی درمیانے درجے کے فٹبال کلب کی سالانہ آمدن سے زیادہ کمائی کر سکتی ہے۔
میسی: امریکا میں رہ کر بھی دولت کی بلندی
لیونل میسی نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ دولت کمانے کے لیے یورپ میں رہنا ضروری نہیں۔ امریکا کی میجر لیگ سوکر (MLS) میں میسی کی آمدن 135 ملین ڈالر تک پہنچ گئی، جس میں تنخواہ کے ساتھ ایپل اور ایڈیڈاس میں شراکت داری بھی شامل ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ ماڈل ظاہر کرتا ہے کہ میڈیا رائٹس اور لیگ گروتھ روایتی یورپی مقابلوں کا متبادل بن سکتے ہیں۔
میسی کی آمدن کو ماہرین سب سے زیادہ متوازن اور محفوظ قرار دیتے ہیں۔ ان کی سرمایہ کاری اسپورٹس ڈرنک برانڈز اور ٹیکنالوجی معاہدوں میں پھیلی ہوئی ہے، جس کی وجہ سے ان کی آمدن ریٹائرمنٹ کے بعد بھی برقرار رہنے کا امکان ہے۔
سعودی لیگ کا اثر: بینزیما کی غیر معمولی کمائی
کریم بینزیما کی سعودی کلب الاتحاد میں منتقلی نے ان کی آمدن کو 100 ملین ڈالر تک پہنچا دیا۔ ماہرین کے مطابق سعودی کلب اس وقت کارکردگی سے پہلے وقار اور عالمی توجہ کے لیے ادائیگی کر رہے ہیں۔

ایمباپے: تنخواہ کے بجائے وراثت کا انتخاب
ریال میڈرڈ میں شمولیت کے بعد کیلین ایمباپے نے زیادہ تنخواہ کے بجائے برانڈ اور تاریخ پر داؤ لگایا۔ بونسز اور لگژری برانڈز کے معاہدوں کے ساتھ ان کی کمائی 90 ملین ڈالر رہی۔ مشیران کے مطابق ایمباپے طویل المدتی برانڈ ویلیو پر کام کر رہے ہیں۔

ہالینڈ: یورپ کا واحد مضبوط نمائندہ
اس فہرست میں جہاں سعودی عرب اور ایم ایل ایس کا غلبہ ہے، وہیں ارلنگ ہالینڈ انگلش پریمیئر لیگ کے سب سے نمایاں نمائندہ ہیں۔ ان کی 80 ملین ڈالر آمدن اعلیٰ کارکردگی اور نائکی کے اعتماد کا نتیجہ ہے، اور ماہرین انہیں طویل کیریئر کا حامل کھلاڑی قرار دیتے ہیں۔

فٹبال کی مالی دنیا بدل چکی ہے
ماہرینِ کھیل کے مطابق 5سال قبل یہ فہرست مکمل طور پر یورپی کلبز کے گرد گھومتی تھی، مگر اب سعودی سرمایہ، اسٹریمنگ پلیٹ فارمز اور امریکی کمرشل ماڈلز نے فٹبال کی پرانی مالی درجہ بندی توڑ دی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ رونالڈو اور میسی کی رقابت اب بھی فٹبال کی سب سے بڑی رقابت ہے، مگر راستے مختلف ہیں
رونالڈوکا راستہ طاقت، پیمانہ اور شو بزنس کا ہے جبکہ میسی کے پیش نظر توازن، برانڈ ویلیو اور پائیدار آمدن ہے۔
اعداد و شمار ثابت کرتے ہیں کہ عظمت تک پہنچنے کے راستے ایک جیسے نہیں ہوتے۔














