حرمین شریفین کے امور کی جنرل اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ جمادی الثانی 1447 ہجری کے دوران 6 کروڑ 87 لاکھ (68.7 ملین) افراد نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کی زیارت کی۔ یہ تعداد گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 21 لاکھ زیادہ ہے، جو زائرین کی تعداد میں مسلسل اضافے کی عکاسی کرتی ہے۔
اتھارٹی کے مطابق، اس عرصے میں تقریباً 3 کروڑ افراد نے مسجد الحرام میں عبادت کی، جن میں 94 ہزار 700 افراد نے حطیم (حجرِ اسماعیل) میں نماز ادا کی۔
اسی دوران 2 کروڑ 31 لاکھ افراد نے مسجد نبوی ﷺ کی زیارت کی، جبکہ 13 لاکھ زائرین کو روضہ رسول ﷺ میں حاضری کی سعادت حاصل ہوئی۔
اعداد و شمار کے مطابق، 23 لاکھ سے زائد افراد نے رسول اللہ ﷺ اور آپ کے دونوں رفقائے خاص حضرت ابو بکرؓ اور حضرت عمرؓ کو سلام پیش کیا۔
ایک ماہ میں عمرہ زائرین کی تعداد ایک کروڑ 19 لاکھ سے زیادہ
وزارتِ حج و عمرہ اور جنرل اتھارٹی برائے امورِ حرمین شریفین کے مطابق، جمادی الثانی کے مہینے میں ملک کے اندر اور بیرونِ ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 19 لاکھ (11.9 ملین) سے تجاوز کر گئی۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ عمرہ زائرین کی تعداد میں اضافہ جدید سہولیات، مؤثر انتظامات اور بہتر خدمات کا نتیجہ ہے، جنہوں نے عمرہ کی ادائیگی کو مزید آسان اور منظم بنا دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں عمرہ زائرین کے لیے بڑی خوشخبری! سعودی عرب نے مسافروں کو بڑا ریلیف دے دیا
اعداد و شمار سے یہ بھی ظاہر ہوا کہ صرف اسی مہینے میں 17 لاکھ سے زائد زائرین بیرونِ ملک سے سعودی عرب پہنچے۔ اس نمایاں اضافے کو ڈیجیٹل سہولیات، مربوط لاجسٹک سروسز اور تیز رفتار امیگریشن نظام کا نتیجہ قرار دیا گیا ہے، جس سے زائرین کی آمد اور عبادات کی ادائیگی میں آسانی پیدا ہوئی۔
وژن 2030 کے اہداف کی جانب اہم پیش رفت
حکام کے مطابق، عمرہ زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد سعودی عرب کے وژن 2030 کے تحت حج و عمرہ نظام کی مسلسل ترقی کا حصہ ہے۔ اس کا مقصد دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے حرمین شریفین تک رسائی کو آسان بنانا اور زائرین کو آغازِ سفر سے واپسی تک محفوظ، آرام دہ اور روحانی طور پر بھرپور تجربہ فراہم کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں سعودی وزارت حج نے زائرین کے لیے خصوصی آگاہی گائیڈز جاری کر دیں
وزارتِ حج و عمرہ اور جنرل اتھارٹی مشترکہ طور پر حرمین شریفین اور زائرین کے سفری مراحل کے دوران خدمات کے معیار کو بہتر بنانے، ڈیجیٹل نظام کو فروغ دینے اور آپریشنل سہولیات کو مزید مؤثر بنانے پر کام جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ زائرین کو ایک پُرسکون اور اطمینان بخش تجربہ فراہم کیا جا سکے۔













