امریکا میں شدید موسمِ سرما کے طوفان ’ڈیوِن‘ کے باعث فضائی سفر بری طرح متاثر ہو گیا ہے، جہاں اب تک کم از کم 1,865 پروازیں منسوخ جبکہ ہزاروں تاخیر کا شکار ہیں۔
یہ صورتحال تعطیلات کے بعد گھروں کو واپس لوٹنے والے مسافروں کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن رہی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق گریٹ لیکس اور شمال مشرقی امریکا میں برف باری اور منجمد بارش نے سڑکوں کے ساتھ ساتھ ہوائی اڈوں پر بھی نظامِ زندگی مفلوج کر دیا ہے، جبکہ کیلیفورنیا میں موسلا دھار بارشوں کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ نے سفر کو خطرناک بنا دیا ہے۔
ایئرلائنز فار امریکا کے مطابق 19 دسمبر سے 5 جنوری کے دوران ریکارڈ 5 کروڑ 26 لاکھ مسافر ہوائی سفر کریں گے، جن میں سب سے زیادہ رش جمعہ اور ہفتے کو دیکھا گیا۔ اتنی بڑی تعداد کے باعث موسم کی خرابی سے متاثر ہونے والے مسافروں کی تعداد بھی غیر معمولی حد تک بڑھ گئی ہے۔
فلائٹ ٹریکنگ ادارے ’فلائٹ اویئر‘ کے مطابق جمعہ کی شام 5 بجے (ای ایس ٹی) تک 5,902 پروازیں تاخیر کا شکار اور 1,865 پروازیں منسوخ ہو چکی تھیں۔
سب سے زیادہ متاثرہ ہوائی اڈے
جان ایف کینیڈی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (نیویارک) سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 153 روانہ ہونے والی پروازیں منسوخ، 143 پروازیں تاخیر کا شکار، 220 آنے والی پروازیں منسوخ اور 67 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ مجموعی طور پر تقریباً 45 فیصد آمد و رفت متاثر ہوئی۔
نیوارک لبرٹی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (نیو جرسی) میں 104 آؤٹ باؤنڈ پروازیں منسوخ، 163 تاخیر کا شکار، 140 اِن باؤنڈ منسوخ، 98 تاخیر کا شکار ہوئیں۔
لاگارڈیا ایئرپورٹ (نیویارک) سے 87 روانہ ہونے والی پروازیں منسوخ، 97 تاخیر کا شکار، 153 آنے والی منسوخ اور 43 تاخیر کا شکار ہوئیں۔
کون سی ایئرلائنز زیادہ متاثر؟
سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ایئرلائنز میں ڈیلٹا ایئر لائنز، جیٹ بلیو، ریپبلک ایئر لائنز، ساؤتھ ویسٹ شامل ہیں، تاہم تقریباً تمام ایئرلائنز کی پروازیں کسی نہ کسی حد تک متاثر ہو رہی ہیں۔ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایئرپورٹ جانے سے قبل اپنی پرواز کی تازہ صورتحال ضرور چیک کریں۔
زمینی سفر بھی پُرخطر
امریکی ادارے AAA نے پہلے ہی پیش گوئی کی تھی کہ 10 کروڑ 95 لاکھ افراد کرسمس کے موقع پر 50 میل سے زائد کا زمینی سفر کریں گے، جن میں سے لاکھوں افراد کو واپسی پر انتہائی خراب موسمی حالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
شمال مشرقی امریکا اور گریٹ لیکس میں برف، ژالہ باری، منجمد کرنے والی بارش کے باعث پنسلوینیا کے وسطی اور مغربی علاقوں میں آئس اسٹورم وارننگ جاری کی گئی ہے، جبکہ جنوبی نیویارک اور ٹرائی اسٹیٹ ایریا میں ہفتے تک ونٹر اسٹورم وارننگ نافذ ہے۔
دوسری جانب جنوبی کیلیفورنیا اور مغربی ساحلی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث سیلاب، مٹی کے تودے، ملبے کے بہاؤ کی اطلاعات ہیں، جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید برفانی طوفان نے حالات مزید خراب کر دیے ہیں۔













