پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے وزیر اعظم شہباز شریف سے مذاکرات یا ملاقات کے حالیہ دعوے کو مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ گزشتہ 10 دنوں یا پورے سال میں ان کا وزیراعظم سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔
یہ بھی پڑھیں:کیا پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات مذاکرات کی راہ میں رکاوٹ ہیں؟
میڈیا رپورٹس کے مطابق بیرسٹر گوہر نے وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر واقعی کوئی رابطہ ہوا ہوتا یا مذاکرات کے لیے کوئی کوشش کی گئی، تو وہ عوام کو ضرور بتاتے۔ انہوں نے زور دیا کہ بات چیت ایک حساس معاملہ ہے اور اس پر غیر سنجیدہ گفتگو حالات کو مزید خراب کر سکتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نجی ٹیلیویژن کے پروگرام میں اختیار ولی خان نے دعویٰ کیا تھا کہ بیرسٹر گوہر نے گزشتہ 10 دنوں میں 3 مرتبہ وزیراعظم سے مذاکرات کے لیے رابطہ کیا تھا۔ تاہم پی ٹی آئی چیئرمین نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اسے حقیقت کے برعکس قرار دیا۔














