چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے لاہور میں بی آئی ایس پی کے سینٹرل زونل آفس پنجاب کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران سوشل پروٹیکشن والٹ کے اجرا، مفت سمز کی فراہمی اور خواتین کو براہِ راست ڈیجیٹل ادائیگیوں سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔
سوشل پروٹیکشن والٹ کا اجرا
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ صدرِ پاکستان اور وزیرِاعظمِ پاکستان کی خصوصی ہدایات پر ادائیگیوں کے نظام میں شفافیت اور سہولت کے لیے سوشل پروٹیکشن والٹ کا باقاعدہ اجرا کر دیا گیا ہے۔
ان کے مطابق اس وقت ملک بھر میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ایک کروڑ مستحق خواتین کو مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔

مفت سمز کی فراہمی اور ڈیجیٹل ادائیگیاں
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے بتایا کہ سوشل پروٹیکشن والٹ کے قیام کے لیے مستحق خواتین کو مفت سمز فراہم کی جا رہی ہیں، جن کے ذریعے ڈیجیٹل والٹس بنائے جائیں گے۔ اب تک مفت سمز کی تقسیم کا تقریباً 50 فیصد ہدف مکمل کیا جا چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایف آئی اے کا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں غیر قانونی کٹوتیوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 2 ملزمان گرفتار
انہوں نے واضح کیا کہ یہ سمز بالکل مفت ہیں اور صرف بی آئی ایس پی کے دفاتر اور مراکز سے ہی فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ کسی بھی قسم کی فیس یا رقم وصول نہیں کی جا رہی۔
خواتین کو سہولت اور تحفظ کی ہدایت
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے رقم براہِ راست مستحق خواتین کے والٹس میں منتقل کی جائے گی، جس سے انہیں دفاتر یا مراکز کے بار بار چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ ان سمز کی حفاظت اسی طرح کریں جیسے نقد رقم یا بٹوے کی حفاظت کی جاتی ہے، کیونکہ مستقبل میں تمام ادائیگیاں انہی ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے ہوں گی۔
بینظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت
انہوں نے کہا کہ کل شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی ہے اور بی بی شہید بہادری، استقامت اور جدوجہد کی علامت تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے حقوق اور پاکستان کے لیے محترمہ بینظیر بھٹو کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں اور دنیا بھر میں ان کے کردار کو سراہا جاتا ہے۔

بینظیر ہنرمند پروگرام
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے بتایا کہ بے روزگاری جیسے قومی مسئلے کے پیش نظر بینظیر ہنرمند پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے، جس کا مقصد مستحق افراد کو ہنر مند بنا کر معاشی طور پر خود مختار بنانا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے محترمہ بینظیر بھٹو کا قول دہرایا کہ ہنر آپ کا سرمایہ ہے۔
سم تقسیم مراکز کا دورہ
بعد ازاں سینیٹر روبینہ خالد نے لاہور میں ایل ڈی اے سبزہ زار، جی ایچ ایس علی رضا آباد اور شالامار بھگوان پورہ میں قائم بی آئی ایس پی سم تقسیم مراکز کا دورہ کیا۔
انہوں نے مفت سمز کی فراہمی کے عمل کا جائزہ لیا اور عملے کو ہدایت کی کہ مستحق خواتین کی مکمل اور مؤثر رہنمائی کی جائے تاکہ انہیں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔














