سعودی عرب اور پاکستان نے اسرائیل کے صومالی سرزمین پر ایک نئے ملک یعنی صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کے اعلان کو مسترد کر دیا ہے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ نے اس اعلان کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے خطرہ ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ ایسے غیرقانونی اور اشتعال انگیز اقدامات بین الاقوامی امن و استحکام کے لیے نقصان دہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: اسرائیل خودساختہ صومالی لینڈ کو آزاد ریاست تسلیم کرنے والا پہلا ملک بن گیا
سعودی عرب نے کہا ہے کہ یہ یکطرفہ اقدام بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے اور خطے میں کشیدگی پیدا کر سکتا ہے۔
اس کے علاوہ صومالیہ، مصر، ترکیہ، جبوتی اور افریقی یونین نے بھی اسرائیلی اقدام کی مذمت کی اور خبردار کیا کہ علیحدہ علاقوں کو تسلیم کرنا عالمی امن کے لیے خطرہ ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دن اسرائیل نے صومالی لینڈ کو ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے طور پر باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد ابراہیمی معاہدوں کی روح کے مطابق تعاون کو فروغ دینا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: اسرائیلی جارحیت میں تباہ الشفا اسپتال کے کھنڈرات میں نوجوان ڈاکٹروں کی گریجویشن تقریب
نیتن یاہو نے صومالی لینڈ کے صدر عبدالرحمان محمد عبداللہی کے ساتھ زراعت، صحت، ٹیکنالوجی اور معیشت کے شعبوں میں فوری تعاون کا اعلان کیا اور انہیں اسرائیل کے دورے کی دعوت بھی دی۔
صومالی لینڈ 1991 سے عملی طور پر خودمختار ہے، لیکن عالمی برادری نے اسے تسلیم نہیں کیا تھا۔ اسرائیل اس کے سوا پہلا ملک ہے جس نے اس کی علیحدہ حیثیت کو تسلیم کیا ہے، جس کے باعث خطے میں سفارتی کشیدگی بڑھنے کا خدشہ ہے۔














