وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیکیورٹی اور ٹریفک نظم و ضبط کو مزید مؤثر بنانے کے لیے یکم جنوری 2026 سے بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق مقررہ تاریخ کے بعد کسی بھی ایسی گاڑی کو اسلام آباد میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی جس پر ایم ٹیگ نصب نہیں ہوگا۔
اس حوالے سے شہر کے داخلی راستوں اور مختلف مقامات پر نگرانی مزید سخت کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے اسلام آباد میں ایم ٹیگ کن 7 مقامات سے حاصل کیے جاسکتے ہیں؟
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ممکنہ دشواری سے بچنے کے لیے بروقت اسلام آباد میں قائم 16 ایم ٹیگ رجسٹریشن سینٹرز کا رخ کریں اور اپنی گاڑیوں پر ایم ٹیگ لگوائیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایم ٹیگ نظام کے نفاذ سے نہ صرف شہر کی سیکیورٹی بہتر ہو گی بلکہ ٹریفک کی روانی اور گاڑیوں کی مؤثر نگرانی میں بھی مدد ملے گی۔
وفاقی دارالحکومت میں بغیر ای ٹیگ گاڑیوں کے خلاف کارروائی کے انتظامات مکمل
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بغیر ای ٹیگ گاڑیوں کے خلاف عنقریب قانونی کارروائی کے لیے انتظامات مکمل کیے جاچکے ہیں۔
اس سے قبل اسلام آباد کو محفوظ ترین شہر بنانے کے لیے ہر گاڑی پر ای ٹیگ کو ناگزیر قرار دے دیا گیا تھا۔ شہریوں کی سہولت کے لیے مختلف علاقوں میں قائم 16 ای ٹیگ پوائنٹس مکمل طور پر فعال کر دیے گئے تھے جو بھرپور انداز میں کام کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے کیا اسلام آباد داخلے کے لیے موٹر سائیکلز کو بھی ای ٹیگ کی ضرورت ہوگی؟
حکام کے مطابق 14 نومبر سے اب تک مجموعی طور پر 95 ہزار 369 گاڑیوں پر ای ٹیگ چسپاں کیے جا چکے ہیں، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1,235 گاڑیوں کو ای ٹیگ سسٹم فراہم کیا گیا۔
واضح رہے کہ شہر کے تمام انٹری پوائنٹس اور مختلف ناکہ جات پر ای ٹیگ ریڈرز کی تنصیب مکمل ہو چکی ہے، جن کے فعال ہوتے ہی بغیر ای ٹیگ گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائیاں شروع کر دی جائیں گی۔














