خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ایک گروہ کے خلاف کامیاب آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں 8 دہشت گرد مارے گئے۔
ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) کوہاٹ عباس مجید مروت کے مطابق پولیس کو کرک کے سرحدی پہاڑی علاقے، تھانہ خرم کی حدود میں واقع کرکنڈوں میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع ملی تھی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
یہ بھی پڑھیے: مردان میں پولیس آپریشن: ایس پی اعجاز خان شہید، 2 دہشتگرد ہلاک
آر پی او کے مطابق آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 8 دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ کارروائی کے دوران پولیس نے دہشت گردوں کے کئی پہاڑی ٹھکانوں کو بھی تباہ کردیا، جس سے ان کی نقل و حرکت اور پناہ گاہوں کو بڑا نقصان پہنچا۔
عباس مجید مروت کا کہنا تھا کہ آپریشن میں پولیس کے ایک اہلکار کو معمولی زخم آئے، تاہم مجموعی طور پر کارروائی کامیابی سے مکمل کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے اور سرچ آپریشن بھی جاری ہے تاکہ کسی ممکنہ خطرے کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
پولیس حکام کے مطابق اس کارروائی کا مقصد علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانا اور دہشت گرد عناصر کا قلع قمع کرنا ہے۔














