بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاکستانی میڈیا پر چلنے والی تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایشیا کپ کے لیے پاکستانی ہائبرڈ ماڈل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
بھارتی جریدے ہندوستان ٹائمز کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ نے کہا کہ ایشیا کپ کی میزبانی سے متعلق حتمی فیصلہ آئی پی ایل کے فائنل کے موقع پر کیا جائے گا جس میں ایشین کرکٹ کونسل کی اعلیٰ شخصیات شریک ہوں گی۔
جے شاہ کا مزید کہنا تھا کہ آئی پی ایل کے فائنل میں سری لنکا، بنگلا دیش اور افغانستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ آئیں گے اس دوران ان سے مشاورت کی جائے گی جس کے بعد کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
اس سے قبل بھارت نے ایشیا کپ کے حوالے سے ہائبرڈ ماڈل کو تسلیم کرنے کا عندیہ دیا تھا لیکن تاحال کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آسکا۔
امید کی جارہی ہے کہ 28 مئی کو ہونے والے آئی پی ایل کے فائنل کے بعد کسی حتمی فیصلے کا اعلان کیا جائے گا۔
واضح رہے رواں سال ہونے والے ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان اور اس کے بعد ورلڈ کپ کی میزبانی بھارت کے پاس ہے۔ بھارت نے ایشیا کپ پاکستان میں منعقد ہونے کی وجہ سے شرکت سے انکار کیا تھا جس کے بعد پاکستان نے بھی ورلڈکپ میں شرکت کے لیے بھارت جانے سے انکار کردیا تھا۔
تاہم دونوں بورڈز کے درمیان پاکستان کی جانب سے تجویز کیے جانے والے ہائبرڈ ماڈل پر بات چیت جاری ہے۔
مزید پڑھیں
ہائبرڈ ماڈل کیا ہے؟
نئے ہائبرڈ ماڈل کے مطابق ایشیا کپ 2 حصوں میں کھیلا جائے گا۔
پہلے حصے میں بھارت کے علاوہ تمام ٹیمیں پاکستان آئیں گی اور یہاں 4 میچ کھیلے جائیں گے۔
دوسرے مرحلے میں یہی تمام ٹیمیں انڈیا کے خلاف کسی دوسرے مقام پر میچ کھیلیں گی اور یہ مقام متحدہ عرب امارات یا سری لنکا میں سے کوئی ایک ہوسکتا ہے۔
بھارت، بنگلادیش اور سری لنکن کرکٹ بورڈ نے گرمی کی شدت میں اضافے کی وجہ سے متحدہ عرب امارات میں کھیلنے سے انکار کیا ہے، جس کی وجہ سے دوسرا حصۃ ممکنہ طور پر سری لنکا میں کھیلا جاسکتا ہے۔
اس ہائبرڈ ماڈل میں ایک اہم بات یہ بھی ہے کہ چاہے بھارت فائنل تک پہنچے یا نہیں، ایونٹ کا فائنل پاکستان میں نہیں کھیلا جائے گا۔
جیسے ہی ایشین کرکٹ کونسل ہائبرڈ ماڈل کا اعلان کردے گی ویسے ہی ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان بھی جون کے آخر تک کردیا جائے گا۔