لاہور میں 3روزہ ’محفوظ بسنت‘ کے انعقاد کے لیے کائٹ فلائنگ آرڈینینس 2025 کے تحت سخت قوانین کے نفاذ کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ایک اہم اجلاس کمشنر لاہور مریم خان کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، چیف ٹریفک آفیسر، ڈپٹی کمشنر لاہور، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں کمشنر لاہور مریم خان نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور محفوظ بسنت پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
کمشنر لاہور کے مطابق لاہور ضلع کی حدود میں محفوظ بسنت 6، 7 اور 8 فروری 2026 کو منائی جائے گی، جبکہ پتنگ اور ڈور کی فروخت کی اجازت صرف یکم فروری سے 8 فروری 2026 تک ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ 6 فروری 2026 سے قبل ضلع لاہور میں پتنگ بازی کی قطعی اجازت نہیں ہوگی۔
یہ بھی پڑھیے لاہور میں بسنت منانے کی شرائط و ضوابط کیا ہوں گی؟ صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری نے بتا دیا
کمشنر لاہور نے اعلان کیا کہ 3روزہ محفوظ بسنت کے دوران سیفٹی راڈز یا وائرز کے بغیر کوئی موٹر سائیکل سڑک پر نہیں آئے گی اور موٹر سائیکل سواروں کو حفاظتی اقدامات پر مکمل عملدرآمد کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پتنگ اور ڈور کی تیاری (مینوفیکچرنگ) کی اجازت صرف ضلع لاہور میں ہوگی، جبکہ دیگر اضلاع میں متعلقہ انتظامیہ کو پتنگ بازی اور اس کے کاروبار کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو فوری کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا گیا کہ کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
کمشنر لاہور ڈویژن نے قریبی اضلاع کو بھی اپنے اپنے علاقوں میں پتنگ بازی کے خلاف سخت اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیے نواز شریف کی خواہش پر بسنت کا تہوار لاہور میں منایا جائے گا؟
اجلاس میں بتایا گیا کہ مینوفیکچررز، ٹریڈرز اور سیلرز کی ای بز ایپ کے ذریعے آن لائن رجسٹریشن شروع کر دی گئی ہے، اور صرف رجسٹرڈ افراد کو ہی پتنگ اور ڈور کے کاروبار کی اجازت ہوگی۔ تمام رجسٹرڈ مینوفیکچررز، ٹریڈرز اور سیلرز اپنے رجسٹریشن سرٹیفکیٹس نمایاں جگہ پر آویزاں کرنے کے پابند ہوں گے۔
کمشنر لاہور کے مطابق اجازت شدہ پتنگ کے سائز اور ڈور کی اقسام کی تیاری اور تجارت 8 فروری 2026 تک ہی ممکن ہوگی، جبکہ آرڈینینس اور نوٹیفکیشن کے مطابق طے شدہ کائٹ فلائنگ میٹیریل کے علاوہ کسی اور مواد کے استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ محفوظ بسنت ایک ثقافتی تہوار ہے، جس کے دوران تمام محکمے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔ کائٹ فلائنگ آرڈینینس 2025 کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
کمشنر لاہور مریم خان نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ محفوظ بسنت کے انعقاد کے لیے اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کریں تاکہ یہ تہوار خوشی اور سلامتی کے ساتھ منایا جا سکے۔













