سخت سرد موسم اور محدود سہولیات کے باوجود کرغزستان کے ایک کم عمر طالب علم کی تعلیم سے غیر معمولی وابستگی کی متاثر کن داستان سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں بچے کو ایک میٹر سے زیادہ گہری برف میں پیدل چلتے ہوئے اسکول جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں نظر آنے والے مناظر نہ صرف موسم کی شدت کو نمایاں کرتے ہیں بلکہ بچے کے پختہ ارادے اور تعلیم سے لگن کی بھرپور عکاسی بھی کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نوجوان نے ٹوتھ پک سے 17 فٹ بلند ایفل ٹاور بنا کر گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا
شدید سردی اور دشوار گزار راستوں کے باوجود بچہ اسکول جا رہا تھا۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اس ویڈیو نے نہ صرف عوام کے دل جیت لیے بلکہ کرغزستان کے صدر بھی اس سے بے حد متاثر ہوئے۔
کرغزستان میں ایک اسکول کے طالبعلم کی ویڈیو وائرل ہو گئی، جو میٹر گہری برف میں پیدل اسکول جاتا دکھائی دیا۔
بچے کے سیکھنے کے جذبے نے صدر کی توجہ حاصل کی، جنہوں نے اسے صدارتی نیو ایئر ٹری تقریب میں مدعو کیا اور ذاتی طور پر لیپ ٹاپ، فٹبال اور اپنا موبائل فون تحفے میں دیا۔ pic.twitter.com/VUoMV2h55v— Mehwish Qamas Khan (@MehwishQamas) December 29, 2025
ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد صدر نے بچے کے جذبۂ تعلیم کو سراہتے ہوئے اسے نئے سال کی صدارتی تقریب میں خصوصی طور پر مدعو کیا۔ صدر سے ملاقات کے بعد یہ بچہ جو اب سوشل میڈیا پر ’سنو بوائے‘ کے نام سے پہچانا جا رہا ہے ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گیا۔
یہ بھی پڑھیں: بلیک ہول کے نزدیک کیا ہوتا ہے، اہم راز سے پردہ اٹھ گیا
وائرل تصاویر میں وہ مسکراتے چہرے کے ساتھ صدرِ مملکت سے تحائف وصول کرتے دکھائی دے رہا ہے۔ صدر نے طالب علم کو لیپ ٹاپ، فٹبال اور موبائل فون بطور تحفہ دیا۔
کم عمر طالب علم کی یہ جدوجہد نہ صرف کرغزستان بلکہ دنیا بھر کے طلبہ کے لیے ایک متاثر کن مثال بن گئی ہے۔














