نیو ایئر پر فائرنگ کرنے والوں کے لیے پشاور پولیس کا واضح اعلان، سزا بھی بتادی

منگل 30 دسمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایس ایس پی آپریشنز پشاور فرحان خان نے نئے سال کی آمد کے موقع پر شہریوں کو سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہوائی فائرنگ، آتش بازی اور لاپرواہ ڈرائیونگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ایک ویڈیو پیغام میں ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا تھا کہ اگر کسی نے نئے سال کی خوشی کے نام پر ہوائی فائرنگ یا خطرناک ڈرائیونگ کی تو وہ جشن نہیں بلکہ معصوم جانوں کا نقصان ہوگا۔ ان کے مطابق ہوائی فائرنگ سے نہ صرف بے زبان جانور بلکہ انسانوں کی جان بھی جا سکتی ہے، جبکہ لاپرواہ ڈرائیونگ کے باعث سنگین حادثات پیش آ سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے نیو ایئر نائٹ پر پنجاب بھر میں فول پروف سکیورٹی، 25 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات

فرحان خان نے واضح الفاظ میں خبردار کیا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے کہا  کہ اگر کسی نے ہوائی فائرنگ یا ون ویلنگ کی تو ہم خود موجود ہوں گے، پولیس فورس الرٹ ہوگی اور ایسے عناصر کو نئے سال کی رات جیل میں گزارنی پڑے گی۔

ایس ایس پی آپریشنز نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ نئے سال کی آمد کو مثبت اور تعمیری انداز میں منائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان خون کا عطیہ دیں، صفائی مہمات میں حصہ لیں، ہسپتالوں میں مریضوں کی تیمارداری کریں اور ایسے کام کریں جو معاشرے اور ملک کے لیے فائدہ مند ہوں۔

یہ بھی پڑھیے برطانیہ: برفباری کی پیشگوئی نے نیو ایئر تقریبات پر پانی پھیر دیا

انہوں نے مزید کہا کہ شہری اگر ذمہ داری کا مظاہرہ کریں تو وہ نہ صرف خود محفوظ رہیں گے بلکہ دوسروں کی جانوں کا تحفظ بھی یقینی بنا سکیں گے۔

آخر میں ایس ایس پی آپریشنز پشاور نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قانون کا احترام کریں، پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور نئے سال کو امن، نظم و ضبط اور مثبت سرگرمیوں کے ساتھ خوش آمدید کہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp