سعودی عرب کے فلاحی ادارے کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (KSrelief) نے پاکستان میں کمزور خاندانوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے شروع کیے گئے پولٹری پر مبنی منصوبے کا دوسرا مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔ ادارے نے منگل کے روز اس منصوبے کی تکمیل کا اعلان کیا۔
منصوبے کے دوسرے مرحلے کے تحت خیبر پختونخوا کے اضلاع سوات، صوابی، ہری پور اور مانسہرہ میں ایک ہزار مستحق اور کمزور خاندانوں کو مکمل پولٹری روزگار پیکجز فراہم کیے گئے۔
کے ایس ریلیف کے مطابق ہر مستفید ہونے والے خاندان کو 25 پولٹری پرندے دیے گئے، جبکہ اس کے ساتھ مکمل پولٹری کِٹ بھی فراہم کی گئی، جس میں 50 کلوگرام فیڈ، فیڈرز کے 2 سیٹ، ایک پانی پلانے کا برتن (ڈرنکر)، انڈوں کی ٹرے اور حفاظتی جالی شامل تھی۔
یہ بھی پڑھیے کنگ سلمان ریلیف کا معاشی بااختیاری منصوبہ، مستحق گھرانوں میں مرغیوں کی تقسیم کا دوسرا مرحلہ مکمل
ادارے کے بیان کے مطابق اس کے علاوہ پولٹری مینجمنٹ اور آمدنی پیدا کرنے سے متعلق 40 باقاعدہ تربیتی سیشنز بھی منعقد کیے گئے، جن میں محکمہ لائیو اسٹاک کی تکنیکی معاونت شامل رہی۔ ان تربیتی نشستوں کا مقصد مستفید خاندانوں کو چھوٹے پیمانے پر پولٹری کاروبار کو پائیدار طریقے سے چلانے کی مہارتیں فراہم کرنا تھا۔
یہ منصوبہ پیس اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (PADO) نے ریلیف، ری ہیبلیٹیشن اینڈ سیٹلمنٹ ڈیپارٹمنٹ (RRSD)، پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا اور مقامی ضلعی انتظامیہ کے قریبی تعاون سے نافذ کیا۔
کے ایس ریلیف کے مطابق گزشتہ برسوں کے دوران ادارے نے پاکستان میں خوراک کی فراہمی، صحت، تعلیم اور آفات سے نمٹنے کے شعبوں میں متعدد منصوبے شروع کیے ہیں، جس سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوستی اور برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں: کنگ سلمان ریلیف سینٹر کا معاشی بااختیاری منصوبہ: پہلے مرحلے میں 1,000 گھرانوں کو مویشی فراہم
ادارے کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مویشیوں کے ذریعے کمزور خاندانوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کا منصوبہ ان اضلاع میں معاشی استحکام، گھریلو غذائیت میں بہتری اور غذائی تحفظ کو فروغ دینے کے لیے ترتیب دیا گیا تھا۔
منصوبے کے اس مرحلے کی کامیاب تکمیل کے بعد یہ اقدام خود انحصاری، باعزت روزگار کے مواقع اور طویل مدتی معاشی استحکام کے فروغ میں معاون ثابت ہوا ہے۔ کے ایس ریلیف نے مستقبل میں بھی پاکستان میں کمزور طبقے کی معاونت اور جامع معاشی ترقی کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔














