پاکستان کے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سابق بنگلہ دیشی وزیر اعظم اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی چیئرپرسن بیگم خالدہ ضیا کے انتقال پر تعزیت کے لیے گزشتہ روز ڈھاکہ پہنچے، جہاں انہوں نے بی این پی قیادت اور بنگلہ دیش کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کیں اور پاکستانی قیادت کی جانب سے تعزیتی پیغامات پہنچائے۔
یہ بھی پڑھیں:بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر خود آکر مجھ سے ملے، ایاز صادق نے ملاقات کی تفصیل بتا دی
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق 31 دسمبر 2025 کو ڈھاکہ پہنچے، جہاں ان کا استقبال بنگلہ دیش کی وزارتِ خارجہ کے سینیئر حکام اور پاکستان کے ہائی کمشنر نے کیا۔ دورے کا مقصد سابق وزیر اعظم بیگم خالدہ ضیا کے انتقال پر پاکستانی قیادت، پارلیمنٹ اور عوام کی جانب سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرنا تھا۔

جنازہ نماز سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں بیگم خالدہ ضیا کے صاحبزادے اور بی این پی کے قائم مقام چیئرمین طارق رحمان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے صدرِ پاکستان آصف علی زرداری، وزیر اعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، پاکستانی پارلیمنٹ اور عوام کی جانب سے گہرے رنج و غم اور تعزیت کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں:ڈھاکہ میں غیر معمولی سفارتی لمحہ: پاکستان کے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور بھارتی وزیر خارجہ کی ملاقات
اسپیکر نے وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کا تعزیتی خط بھی طارق رحمان کے حوالے کیا۔طارق رحمان نے اس مشکل گھڑی میں حکومتِ پاکستان، پارلیمنٹ اور عوام کی جانب سے اظہارِ ہمدردی اور یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔

اسپیکر ایاز صادق نے بیگم خالدہ ضیا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاکستان کے ساتھ خصوصی تعلقات تھے اور وہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی روابط، باہمی احترام اور دوطرفہ تعاون کے فروغ کی خواہاں تھیں۔
یہ بھی پڑھیں:خالدہ ضیا کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، بنگلہ دیش کی سیاست کا ایک دور ختم
ملاقات میں دونوں جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ بیگم خالدہ ضیا کا وژن آئندہ پاک، بنگلہ دیش تعلقات کے لیے رہنمائی فراہم کر سکتا ہے۔ بعد ازاں اسپیکر قومی اسمبلی نے بیگم خالدہ ضیا کی نمازِ جنازہ میں بھی شرکت کی۔

شام کے وقت اسپیکر قومی اسمبلی نے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے حکومت اور عوامِ بنگلہ دیش سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور بیگم خالدہ ضیا کو ایک عظیم سیاسی رہنما قرار دیا، جن کی جمہوری جدوجہد اور عوامی خدمات کو دنیا بھر میں سراہا جاتا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن، ترقی اور رابطوں کے فروغ کے لیے بیگم خالدہ ضیا کے وژن کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

چیف ایڈوائزر محمد یونس نے اس موقع پر اظہارِ یکجہتی کے لیے اسپیکر ایاز صادق کے دورے کو سراہا اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی جانب سے موصول ہونے والے تعزیتی پیغامات پر بھی شکریہ ادا کیا۔












