ن لیگ کے رہنما اور وزیراعظم کے سیاسی امور کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ جن اکاؤنٹس سے فوج اور اس کے سربراہ کے خلاف مہم جوئی ہورہی ہے وہ بند ہونی چاہیے، پی ٹی آئی رہنماؤں کو اپنے آپ کو ان اکاؤنٹس سے دور کرنا چاہیے۔
ایک ٹی وی پروگرام میں انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو انہوں نے احتجاج کی جو کال دی ہے اس پر عمل درآمد نہیں کرسکیں گے، پہیہ جام کی کال واپس لیں ورنہ 9 مئی کی طرح دھر لیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیے: اس وقت مذاکرات کا کوئی ماحول نظر نہیں آ رہا، سلمان اکرم راجا
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک کے 5 بڑوں کے درمیان اعتماد سازی ہونی چاہیے ان بڑوں میں وزیراعظم شہباز شریف، نواز شریف، صدر آصف علی زرداری، عمران خان اور ایک وہ ہیں جنہیں سب جانتے ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ان پانچوں میں سے ایک مسلسل گالیاں دے رہا ہے، باقی کسی لیڈر نے ان کے بارے میں نامناسب الفاظ استعمال نہیں کیے، یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے، سیاستدانوں کو آپس میں ایک دوسرے کے خلاف غیراخلاقی بات نہیں کرنی چاہیے، شہدا کے خلاف پی ٹی آئی اکاؤنٹس میں ٹرولنگ ہورہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: عمران خان مذاکرات پر نہیں تصادم اور فتنہ و فساد پر یقین رکھتے ہیں، رانا ثنا اللہ
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حق کی طرف نہیں ملک میں انارکی کی طرف سفر کررہی ہے، اگر یہی کرنا ہے تو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیسے ہوسکتی ہے، اگر ان کا خیال ہے کہ ادارے کے خلاف مہم جوئی کرنے سے کوئی دباؤ آئے گا تو یہ ان کی غلط فہمی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ن لیگ مستقبل میں اکثریت حاصل کرتی ہے تو اگلی قیادت بلاشبہ مریم نواز شریف کی ہوگی، اسی طرح پیپلز پارٹی کی مستقبل کی قیادت بلاول بھٹو ہے۔














