پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کے بھائی شیخ فواد اکرم کے قافلے پر حملے میں ایک شہری جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شیخ فواد اکرم لاری اڈا سے سرگودھا روڈ کی جانب جا رہے تھے کہ ایک نامعلوم گاڑی نے ان کی گاڑی کو ٹکر مار دی۔ اس کے بعد ٹکرانے والی گاڑی سے اترنے والے افراد نے قافلے پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
یہ بھی پڑھیے: شیخ وقاص اکرم کے بھائی پر حملہ، شہری کی شہادت پر تحریک انصاف کا شدید ردعمل
رپورٹس واقعے کے نتیجے میں شیخ فواد اکرم کے 3 سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوئے جبکہ پیٹرول پمپ کا ایک ملازم جاں بحق ہو گیا۔ حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں اور جائے وقوعہ سے تمام شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔ حکام نے وعدہ کیا ہے کہ جلد ملزمان کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیے: پی ٹی آئی آفیشل سے متعلق غلط بیانی کی گئی، شیخ وقاص اکرم کی وضاحت
واقعہ پر ردعمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی شیخ وقاص اکرم نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ان کے بھائی پر بزدلانہ اور منصوبہ بند حملہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ قافلے میں موجود نہتے محافظوں پر بھی فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے جبکہ ایک بے گناہ ملازم جاں بحق ہوا۔














