پنجاب میں دل کے مریضوں کے علاج کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے انٹراویسکولر سرجری کی جدید ترین تکنیک متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کے تحت مقامی ڈاکٹروں کو جدید تربیت فراہم کی جائے گی۔
پنجاب میں امراضِ قلب کے علاج کے لیے انٹراویسکولر سرجری کی جدید اور محفوظ ترین تکنیک متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس مقصد کیلئے امریکی ڈاکٹرز صوبے کے ڈاکٹروں کو خصوصی ٹریننگ فراہم کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب کی 98 تحصیلوں میں اسمارٹ سیف سٹیز منصوبہ نافذ کرنے کا فیصلہ
بریفنگ کے مطابق انٹراویسکولر سرجری روایتی اوپن سرجری کا جدید متبادل ہے، جس میں خون کی نالی میں ایک چھوٹے سے سوراخ کے ذریعے انجیوپلاسٹی، اسٹینٹ اور ابلیشن جیسے علاج کیے جاتے ہیں۔ اس طریقۂ علاج کو زیادہ محفوظ اور کم تکلیف دہ قرار دیا گیا ہے۔

چلڈرن اسپتال، نشتر ہسپتال اور جناح ہسپتال کے ڈاکٹروں کو اس جدید تکنیک کی تربیت دینے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور نواز شریف میڈیکل سٹی میں امراضِ قلب کے جدید طریقۂ علاج متعارف کرانے کے لی عملی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں غیر قانونی پتنگ بازی کی مکمل ممانعت، محکمہ داخلہ کی ہدایات جاری
یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اوکلاہوما ہارٹ اسپتال کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز ڈاکٹر نعیم طاہر خیلی کی سربراہی میں وفد کی ملاقات کے دوران کیا گیا۔ ملاقات میں رخسانہ فاؤنڈیشن کی ہیلتھ اور تعلیمی خدمات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعلیٰ نے پنجاب میں ڈاکٹروں کی ٹریننگ کے لیے خدمات حاصل کرنے پر اتفاق کیا اور رخسانہ فاؤنڈیشن کی صحت اور تعلیم کے شعبے میں خدمات کو سراہا۔ انہوں نے انٹراویسکولر سرجری کیلئے جدید طبی آلات کی خریداری کے اقدامات کی بھی ہدایت جاری کی۔














