پنجاب اسمبلی نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ون کے آئندہ اجلاسوں کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا ہے، جن میں مختلف محکموں کے آڈٹ اعتراضات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ون کے اجلاس 6، 7 اور 8 جنوری کو منعقد ہوں گے۔ تمام اجلاس صبح گیارہ بجے شروع ہوں گے اور کمیٹی روم نمبر 3، نیو اسمبلی بلڈنگ لاہور میں ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 289 میں ن لیگ کے امیدوار اسامہ عبدالکریم بلامقابلہ منتخب
6 اور 7 جنوری کو محکمہ ہائر ایجوکیشن اور اس کے ماتحت اداروں کے آڈٹ اعتراضات زیر بحث آئیں گے، جبکہ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے 2022-23 کے سول آڈٹ پیراز کا جائزہ لیا جائے گا۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے 8 جنوری کے اجلاس میں بورڈ آف ریونیو پنجاب کے آڈٹ اعتراضات پر غور کیا جائے گا، جس میں بورڈ آف ریونیو کے 2022-23 کے آڈٹ پیراز کا جائزہ شامل ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے متعلقہ سیکریٹریز اور افسران کو ذاتی طور پر اجلاس میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے، جبکہ آڈٹ اعتراضات سے متعلق افسران کی حاضری لازمی قرار دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعلیٰ پنجاب کی توہین قابل مذمت ہے، اسپیکر پنجاب اسمبلی
تمام محکموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اجلاس سے قبل 50 ورکنگ پیپرز جمع کرائیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ورکنگ پیپرز آڈٹ رپورٹس، بیلنس شیٹس اور آڈیٹر رپورٹس کے ساتھ پیش کرنا ہوں گے، جبکہ تمام دستاویزات کا محکمہ کے سربراہ سے تصدیق شدہ ہونا لازم ہے۔
اس کے علاوہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے فنانس ڈیپارٹمنٹ، آڈیٹر جنرل اور اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب کو بھی ورکنگ پیپرز بھجوانے کی ہدایت کی ہے۔
اجلاس کی صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ون کی چیئرپرسن چوہدری افتخار چھچھر کریں گے۔














