پاکستان نے عالمی سطح پر اسکواش میں اپنی کھوئی ہوئی پہچان بحال کرنے کے لیے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ریکارڈ انعامی رقم کے حامل بین الاقوامی ٹورنامنٹ کا انعقاد کرنے کا اعلان کیا ہے، تاہم سیاسی کشیدگی کے باعث بھارتی کھلاڑیوں نے ایونٹ میں شرکت سے گریز کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی ماہ نور علی نے سنگاپور جونیئر اسکوائش اوپن چیمپیئن شپ جیت لی
عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان آئندہ ہفتے اپنی تاریخ کا سب سے زیادہ انعامی رقم والا اسکواش ٹورنامنٹ منعقد کرنے جا رہا ہے، جس کا مقصد ملک میں اسکواش کے زوال کو روکنا اور عالمی سطح پر دوبارہ نمایاں مقام حاصل کرنا ہے۔ کراچی اوپن انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ 6 سے 11 جنوری تک کھیلا جائے گا، جس میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 42 ہزار ڈالر کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔

یہ ایونٹ پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن ورلڈ ٹور گولڈ کا حصہ ہے اور مردوں و خواتین دونوں مقابلوں میں برابر انعامی رقم دی جائے گی، جو حالیہ برسوں میں پاکستان میں منعقد ہونے والا ایک نایاب اعلیٰ سطحی بین الاقوامی ٹورنامنٹ ہے۔
اسکواش کے عالمی لیجنڈ اور سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے سربراہ جہانگیر خان نے اس ٹورنامنٹ کو تاریخی قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسکواش میں اپنی ماضی کی بالادستی واپس لانے کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:علی سسٹرز نے کمال کر دکھایا، تینوں بہنیں آسٹریلین جونیئر اوپن اسکواش کے سیمی فائنل میں
ان کے مطابق اس بین الاقوامی ایونٹ کا پُرامن انعقاد دنیا میں پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر کرے گا اور نئی صلاحیتوں کو سامنے لانے میں مدد دے گا۔
ٹورنامنٹ کے منتظمین کے مطابق سیاسی وجوہات اور محدود کھیلوں کے تبادلوں کے باعث بھارت کے صفِ اول کے کھلاڑیوں نے ایونٹ سے دستبرداری اختیار کر لی ہے۔ اس صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے جہانگیر خان نے کہا کہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھا جانا چاہیے اور بھارتی کھلاڑیوں کو اس عالمی مقابلے میں شرکت کرنی چاہیے تھی۔

مردوں کے مقابلوں میں مصر کے عالمی نمبر 4 کریم عبدالغواد سرفہرست ہوں گے، جب کہ ان کے ہم وطن اور عالمی نمبر 7 مروان الشورباجی دوسرے سیڈ کے طور پر میدان میں اتریں گے۔ پاکستان کی نمائندگی 4 کھلاڑی کریں گے، جن میں عالمی انڈر 23 چیمپئن نور زمان بھی شامل ہیں۔
خواتین کے مقابلوں میں مصر کی عالمی نمبر 4 امینہ عرفی ٹاپ سیڈ ہوں گی، جب کہ ملائیشیا کی عالمی نمبر 7 سیواسانگیری سبرامانیئم دوسرے نمبر پر ہوں گی۔ دو پاکستانی خواتین کھلاڑیوں کو منتظمین کی جانب سے وائلڈ کارڈ انٹری دی گئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق منتظمین آئندہ برس کراچی اوپن کو پلاٹینم اسٹیٹس دلانے کا ارادہ رکھتے ہیں، جس کے لیے مجوزہ طور پر 10 لاکھ ڈالر انعامی رقم رکھنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔












