نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آج چینی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی شعبے کے وزیر لیو ہائی شنگ سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم نے وزیر لیو ہائی شنگ کو چینی کمیونسٹ پارٹی کی 20ویں مرکزی کمیٹی کے چوتھے پلینری اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد دی۔
یہ بھی پڑھیے اسحاق ڈار کی امارات، سعودیہ اور ترک وزرائے خارجہ سے ٹیلی فونک گفتگو، علاقائی پیشرفت پر اظہار اطمینان
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مستحکم اور مستقبل دوست سمت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ملاقات میں پارٹی ٹو پارٹی روابط، خطے کی مجموعی صورتحال اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت جاری مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
فریقین نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کو شایانِ شان اور بامقصد انداز میں مشترکہ طور پر منایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار چین روانہ، پاکستان چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ میں شریک ہوں گے
واضح رہے کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اس وقت چین کے دورے پر ہیں جہاں وہ 7ویں پاکستان چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت کریں گے۔













