وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے زمونگ کور کی یتیم اور بے سہارا بچیوں کو خصوصی مہمان بنا کر وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ایک خوبصورت ظہرانے کا اہتمام کیا۔
وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے بچیوں کو وزیر اعلیٰ ہاؤس کا دورہ کرایا، ان کے ساتھ خوشگوار ماحول میں سیلفیاں بنائیں اور ان سے تفصیل سے بات چیت کی، جبکہ تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔
وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے یتیم بچوں کو وزیر اعلیٰ ہاؤس بلا کر ان کے ساتھ زمین پر بیٹھ کر وقت گزارا اور بچوں کو احساس دلایا کہ وہ تنہا نہیں ہیں pic.twitter.com/LyBhlZilTx
— Muqadas Farooq Awan (@muqadasawann) January 4, 2026
بچیوں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں گزارے گئے وقت کو یادگار قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کا دل سے شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے گفتگو کے دوران کہا کہ آپ زمونگ کور کی اصل مالک ہیں اور ہم آپ کے خادم ہیں۔ جب تک آپ تعلیم مکمل کر کے اپنے قدموں پر کھڑی نہیں ہو جاتیں، عمران خان کی حکومت آپ کا مکمل خیال رکھے گی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے بچیوں کے مسائل اور شکایات کے حل کے لیے کمپلینٹ سیل قائم کرنے کا بھی اعلان کیا تاکہ بچیوں کی آواز مزید مؤثر انداز میں سنی جا سکے۔
واضح رہے کہ ’زمونگ کور‘ ایک غیر سرکاری تنظیم ہے جو پاکستان میں یتیم اور بے سہارا بچوں کے لیے کام کر رہی ہے۔
اس تنظیم کا مقصد بچوں کو ایک محفوظ، معاون، اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے جہاں وہ تعلیم حاصل کریں، ان کی ضروریات پوری ہوں اور ان کی ذہنی و جسمانی ترقی کا بھرپور خیال رکھا جائے۔ ’زمونگ کور‘ پشتو زبان کا لفظ ہے جس کا مطلب ہے ’ہمارا گھر‘۔














