کراچی میں مائی کلاچی کے علاقے میں ماں اور 3 بچوں کو قتل کرکے لاشیں گٹر میں پھینکنے کے دلخراش واقعے میں گرفتار ملزم مسرور حسین کو جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔
عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا، جبکہ آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیشرفت رپورٹ بھی طلب کر لی گئی ہے۔
مزید پڑھیں:کراچی، مین ہول سے ملنے والی لاشوں پر تشدد کے واضح شواہد، پوسٹ مارٹم مکمل
عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران ہی اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے۔ تفتیشی افسر کے مطابق مزید تحقیقات کے لیے ملزم کا جسمانی ریمانڈ ناگزیر تھا، جس پر عدالت نے پولیس کو اجازت دے دی۔
پولیس کے مطابق ملزم نے بیان دیا ہے کہ مقتول خاتون انیلہ تعویز کیا کرتی تھی، جس سے وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھا اور اسی وجہ سے اس نے انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے خاتون اور اس کے 3 بچوں کو قتل کیا۔
مزید پڑھیں:کراچی: مائی کلاچی کے قریب مین ہول سے 4 لاشیں برآمد، تحقیقات جاری
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین کی لاشیں مائی کلاچی روڈ کے قریب ایک خالی پلاٹ میں موجود ہول/گٹر سے برآمد ہوئی تھیں۔ خاتون اور بچے کھارادر کے رہائشی تھے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔














