ملائیشیا کی معروف ٹک ٹاک اسٹار نورال اتھیرا جو سوشل میڈیا پر اتھیرا عونی کے نام سے مشہور تھیں 3 جنوری کو پیش آنے والے ایک موٹر سائیکل حادثے میں جاں بحق ہو گئیں۔ مرحومہ کی عمر 21 برس تھی۔
اتھیرا عونی کے ٹک ٹاک سمیت مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر 77 ہزار سے زائد فالوورز تھے۔ وہ ٹک ٹاک پر لائیو اسٹریمنگ اور اپنے والد کے کھانے کے اسٹال پر روٹی کنی (روایتی بھارتی فلیٹ بریڈ) بناتے ہوئے ویڈیوز کی وجہ سے خاصی مقبول تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: معروف ٹک ٹاکر پیاری مریم زچگی کے دوران انتقال کر گئیں
پولیس کے مطابق حادثہ رات تقریباً 2 بج کر 30 منٹ پر پیش آیا جب اتھیرا عونی اپنی موٹر سائیکل پر دائیں لین میں سفر کر رہی تھیں کہ ایک اور موٹر سائیکل سوار نے پیچھے سے ٹکر مار دی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دوسرے موٹر سائیکل سوار نے اپنی گاڑی کو سنبھالنے کی کوشش کی جس کے باعث یہ حادثہ رونما ہوا۔
حادثے کے نتیجے میں اتھیرا عونی موقع پر ہی دم توڑ گئیں،جبکہ دوسرے موٹر سائیکل سوار کے ہاتھ، کہنی اور ران پر چوٹیں آئیں۔ زخمی کو ٹنکو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ مرحومہ کی لاش کو بھی پوسٹ مارٹم کے لیے اسی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ’یس کنگ‘ میم کے خالق اور معروف ٹک ٹاکر مائیکل وِلس ہیرڈ 53 سال کی عمر میں انتقال کرگئے
اتھیرا عونی کی وفات کے بعد سوشل میڈیا پر غم و افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ان کی قریبی دوست نے مرحومہ کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اپنے والد کے اسٹال پر روٹی کنی بنا رہی تھیں۔ ویڈیو کے کیپشن میں لکھا گیا کہ یہ مرحومہ کی آخری ویڈیو تھی جو انہوں نے اپنی روانگی سے قبل بنوانے کی خواہش ظاہر کی تھی۔
اتھیرا عونی کی ناگہانی موت نے سوشل میڈیا صارفین اور ان کے مداحوں کو گہرے رنج و غم میں مبتلا کر دیا ہے














