پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور سابق وزیراعظم عمران خان کی سابق معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سمیت متعدد پی ٹی رہنماؤں نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
تحریک انصاف کی رہنما اور عمران خان دور حکومت میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے پاکستان اور عمران خان ایک ساتھ نہیں چل سکتے، ٹشو پیپر کی طرح استعمال کرکے پھینکنا عمران خان کا مشغلہ ہے۔
اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ان کی سیاست کا محور و مرکز انسانی خدمت ہے، پی ٹی آئی میں شمولیت بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی تھی۔
انہوں نے کہا کہ میری سیاست کا سلوگن سیاست نہیں ریاست اہم ہے، میں سیاست میں اپنی ذات یا فائدہ لینے نہیں آئی تھی، میں ایک مقصد کے لیے سیاست میں آئی تھی۔ ہم نے اسی ملک میں رہنا ہے یہیں سیاست کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو ایک منظم سازش کے تحت بیرونی ایجنڈے پر اداروں پر حملہ کیا گیا، جس طرح شہداء کی یادگاروں کی بےحرمتی کی گئی وہ انتہائی قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہائی جیکرز اور یرغمالی ٹولے نے پارٹی میں رواداری کو ختم کیا، سیاسی اختلاف کو ذاتی اختلاف میں تبدیل کیا گیا، شرپسند کارروائیوں اور عزائم کے تانے بانے وزیراعظم ہاؤس سے ملتے رہے، وزیراعظم ہاؤس سے سوشل میڈیا والوں کو کہا گیا کہ فلاں کو غداری سے جوڑ دو۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کچھ داماد کورٹس بن گئی ہیں اور کچھ ساسو ماں کورٹس بن گئی ہیں، اپنی 22 سالہ سیاست میں ایسا منظر نہیں دیکھا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قوم کی بیٹیاں ایک شخص کی ذاتی انا کی بھینٹ نہیں چڑھنی چاہئیں۔ کہ پاکستان اور عمران خان ایک ساتھ نہیں چل سکتے، ٹشو پیپر کی طرح استعمال کرکے پھینکنا عمران خان کا مشغلہ ہے،وہ تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان کرتی ہیں۔
تحریک انصاف کے سابق ایم پی اے ملک قاسم خان نے بھی پارٹی چھوڑ دی
قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے، خیبرپختونخوا کے ضلع کرک سے سابق ایم پی اے اور سابق مشیر جیل خانہ جات ملک قاسم نے بھی ساتھیوں سمیت پارٹی کو چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
سابق ایم پی اے ملک قاسم نے پشاور پریس کلب میں پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں سمجھتا ہوں پی ٹی آئی کی پوری جماعت میں انصاف کا کوئی نام ہے ہی نہیں۔
سابق مشیر ملک قاسم نے کہا کہ ہمارے ساتھ کی جانے والی زیادتیوں کا سلسلہ کب تک برداشت کریں گے، پارٹی میں کسی قسم کا کوئی میرٹ موجود ہی نہیں ہے۔
مزید پڑھیں
ملک قاسم خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم پر کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں ہے، اپنی مرضی سے پارٹی کو چھوڑنے کا اعلان کر رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کے قول و فعل میں تضاد ہے، وہ جو کہتے ہیں کرتے ہی نہیں ہیں۔
انکا مزید کہنا تھا کہ 9 مئی کو جو ہوا وہ قابل افسوس تھا، ہم اپنے شہدا کی عزت اور قدر کرتے ہیں۔