پی ٹی آئی کا ایک اور بُرج گر گیا، فواد چوہدری کا عمران خان اور سیاست دونوں چھوڑنے کا اعلان

بدھ 24 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پی ٹی آئی سے راہیں جدا کر لی ہیں اور کہا ہے کہ میں فی الحال سیاست سے بریک لے رہا ہوں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی ایک ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا ہے کہ میں نے 9 مئی کو ہونے والے واقعات کی پہلے ہی مذمت کی تھی اور اب سیاست سے علیحدہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ میں پارٹی عہدوں سے مستعفی ہو رہا ہوں۔

واضح رہے کہ بدھ کے روز ہی یہ بات سامنے آئی تھی کہ پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما فواد چوہدری اور فیصل واوڈا کے درمیان اسلام آباد میں اہم ملاقات ہوئی جس کے بعد یہ امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ شاید فواد چوہدری تحریک انصاف کا حصہ نہ رہیں۔

ذرائع کے مطابق فواد چوہدری اور فیصل واوڈا کی ملاقات ایک گھنٹے تک جاری رہی اور اس کے بعد فیصل واوڈا فواد چوہدری کو لے کر ایک اہم شخصیت کے ساتھ ملاقات کے لیے روانہ ہو ئے تھے۔

واضح رہے کہ فواد چوہدری کا شمار عمران خان کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا اور اسی بنیاد پر انھیں پارٹی کا مرکزی سینیئر نائب صدر نامزد کیا گیا تھا۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں گرفتاری کے بعد فواد چوہدری کو 10 مئی کے روز سپریم کورٹ کے باہر سے ایم پی او کے تحت حراست میں لیا گیا تھا۔ اس کے بعد منگل 16 مئی کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما کی گرفتاری کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں تحریک انصاف کے سینیئر رہنما فواد چوہدری سپریم کورٹ کے باہر سے گرفتار

فواد چوہدری نے رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ سانحہ 9 مئی قابل مذمت ہے اس کے ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہیے۔ پاک فوج ہے تو ہم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں 9 مئی کے واقعات پر ہر پاکستانی رنجیدہ ہے، ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہیے: فواد چوہدری

اس کے علاوہ یہ بھی یاد رہے کہ فواد چوہدری اپنی رہائی کے بعد سے میڈیا سے مکمل غائب رہے۔ رہائی کے بعد پارٹی چھوڑنے کے اعلان تک ان کی کوئی ٹوئٹ یا بیان سامنے نہیں آیا تھا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنی رہائی کے بعد ایک ٹوئٹ میں مرکزی رہنماؤں کے نام لے کر کہا تھا کہ حکومت کی جانب سے ہمارے مرکزی رہنماؤں کو گرفتار کیا گیا جو قابل مذمت ہے مگر پی ٹی آئی چیئرمین نے فواد چوہدری کا نام نہیں لیا تھا۔

عمران خان کی جانب سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کی مذمت کرنے کے دوران فواد چوہدری کا نام نہ لینے پر ان کی اہلیہ حبا فواد نے شکوہ کیا تھا کہ عمران خان صاحب! آپ فواد چوہدری کو کیوں بھول گئے ہیں؟

فواد چوہدری کے حوالے سے یہ بات بھی مشہور ہے کہ عمران خان کو پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا مشورہ فواد چوہدری نے دیا تھا۔ اس حوالے سے پرویز الٰہی کی ایک مبینہ آڈیو بھی سامنے آئی تھی جس میں وہ نام لے کر کہہ رہے تھے کہ عمران خان نے فواد چوہدری کے کہنے پر اسمبلیاں توڑیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp