پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف سینئر اداکارہ صبا فیصل نے اپنے حالیہ بیانات پر تنقید کرنے والے سوشل میڈیا ٹرولرز پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک اسٹوری میں صبا فیصل نے بعض سوشل میڈیا پیجز کے رویے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شرپسند ایسے ہی لوگ ہوتے ہیں جو بات کا رخ بدل دیتے ہیں، مت کریں یہ سب۔ جو ہے، جتنا آپ کے نصیب میں ہے اس سے زیادہ نہ شہرت ملے گی نہ فالوورز۔

واضح رہے کہ حال ہی میں صبا فیصل ایک نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے شادی کے بعد نئی نویلی دلہن کے سسرال میں رویے سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کیا تھا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد سسرال میں عموماً مہمانوں کی آمدورفت رہتی ہے جس کے باعث گھریلو اور مہمان نوازی کی ذمہ داریاں زیادہ تر ساس کے ذمے ہوتی ہیں جبکہ نئی دلہن پر فوری طور پر کوئی بڑی ذمہ داری عائد نہیں ہوتی۔
یہ بھی پڑھیں: ’بہو کو کنٹرول کیسے کیا جائے؟‘، صبا فیصل کے مشوروں پر فضا علی اور مامیا شاہ جعفر کی سخت تنقید
صبا فیصل کے مطابق اگر نئی دلہن کو آرام کی ضرورت محسوس ہو تو بہتر ہے کہ وہ ساس یا شادی شدہ نند سے مؤدبانہ انداز میں اجازت طلب کر لے خصوصاً ایسے مواقع پر جب ساس خود آرام کے لیے نہ کہہ رہی ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے حساس معاملات میں گفتگو کا انداز نہایت اہم ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سسرال میں براہِ راست حکم دینے کا رویہ قابلِ قبول نہیں ہوتا تاہم شائستگی اور ادب کے ساتھ بات کی جائے تو حتیٰ کہ سخت مزاج ساس بھی انکار نہیں کرتی۔














