وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت کراچی کی ترقی کے لیے ایک جامع اور پائیدار منصوبہ نافذ کرنا چاہتی ہے، جس کے تحت شہر کو دنیا کے بہترین شہروں کے ہم پلہ بنایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عبدالسمیع کی سربراہی میں فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کے وفد نے ملاقات میں کراچی کے میگا اور اہم ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق مراد علی شاہ نے اعلان کیا کہ کراچی کے لیے 84 ارب 79 کروڑ 60 لاکھ روپے کا ترقیاتی پیکج دیا جا رہا ہے، جبکہ اس کے علاوہ 26 ارب 20 کروڑ روپے کی مزید رقم کی بھی منظوری دی جا چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی کے صنعتی علاقوں کے لیے 9 ارب روپے کی منظوری، منصوبوں کی تکمیل کا ہدف 6 ماہ
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ ایف ڈبلیو او کے ساتھ شراکت داری میں ترقیاتی منصوبے شروع کرنا چاہتے ہیں تاکہ معیار اور رفتار دونوں کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کراچی کے تمام میگا اور اہم منصوبوں کی بہترین ڈیزائننگ ہونی چاہیے، کیونکہ شہر کی ترقی کسی صورت عالمی معیار سے کم نہیں ہونی چاہیے۔
اہم منصوبوں میں ایم 9 جناح ایونیو سے شاہراہ فیصل تک نئی سڑک کی تعمیر شامل ہے، جو سپر ہائی وے اور شہر کی اہم شاہراہوں سے منسلک ہوگی۔
اسی طرح ملیر ہالٹ پرنٹنگ پریس سے شاہراہ فیصل تک دائیں جانب انڈر پاس کا منصوبہ بھی شامل ہے، کیونکہ ملیر ہالٹ پر ٹریفک کے لیے راستہ انتہائی تنگ ہے جسے ختم کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔
مزید پڑھیں: ’کتاب اور گلاب چرانے کو کبھی چوری نہیں سمجھا‘، وزیر تعلیم سندھ کا دلچسپ انکشاف
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ایئرپورٹ سے اسٹار گیٹ کی جانب فلائی اوور تعمیر کیا جائے گا، جس سے ایئرپورٹ سے شاہراہ فیصل تک براہِ راست رسائی ممکن ہوگی۔
وائی جنکشن سے مچھلی چوک تک ہاکس بے روڈ کی تعمیر اور مسرور بیس سے ٹرک اسٹینڈ تک سڑک کی تعمیر بھی منصوبے کا حصہ ہے۔
ان منصوبوں کا مقصد کراچی میں کمرشل اور ہیوی ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنا ہے۔
مراد علی شاہ نے مزید بتایا کہ سہراب گوٹھ پر فلائی اوور کی تعمیر کا منصوبہ بھی شامل ہے، جہاں شہر کے اہم گیٹ وے ہونے کے ناتے ٹریفک کا شدید دباؤ رہتا ہے، ان کے مطابق ایسے مزید 7 منصوبے ہیں جن کے لیے مجموعی طور پر 84.7 ارب روپے فراہم کیے جا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: ایک ایک پائی کراچی کی ترقی پر خرچ کی جائے گی، مرتضیٰ وہاب
کراچی کے مختلف علاقوں میں 443 اندرونی سڑکوں کی تعمیر کی جائے گی، جبکہ ٹریفک مینیجمنٹ کے لیے 9 الگ منصوبے تیار کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ کے ایم سی کی 26 سڑکوں کی تعمیر، پارکس، سڑکوں اور فلائی اوورز کی بہتری کے کام بھی جاری ہیں۔
کراچی میں 9 اہم منصوبوں، بڑی سڑکوں کی تعمیر اور 7 سڑکوں کی تزین و آرائش بھی شامل ہے۔
ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ ایف ڈبلیو او، محکمہ بلدیات اور کے ایم سی کے افسران فوری طور پر منصوبوں کی ڈیزائننگ شروع کریں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ ڈیزائن اور یوٹیلٹیز کی منتقلی فروری تک مکمل کی جائے، جبکہ تمام ترقیاتی کام مارچ 2026 سے شروع کر دیے جائیں گے۔











