پاکستان نے اوپنر صاحبزادہ فرحان کی شاندار نصف سنچری اور بولرز کی اجتماعی کارکردگی کی بدولت سری لنکا کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔
رنگیری دمبولا انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں 129 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 20 گیندیں قبل کامیابی حاصل کرلی۔ گرین شرٹس نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا اور صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے پاور پلے میں 59 رنز کی شراکت قائم کی۔ صائم ایوب 18 گیندوں پر 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 3 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور سری لنکا ٹی20 سیریز، ٹرافی کی رونمائی کردی گئی
اس کے بعد صاحبزادہ فرحان نے کپتان سلمان علی آغا کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 25 رنز جوڑے، تاہم دونوں بیٹرز یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوگئے اور اسکور 101 پر 3 ہوگیا۔ صاحبزادہ فرحان 36 گیندوں پر 51 رنز بنا کر نمایاں رہے، ان کی اننگز میں 4 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، جبکہ سلمان آغا نے 11 گیندوں پر 16 رنز اسکور کیے۔
🇵🇰 Pakistan win the opener of the 3-match T20I series on Sri Lanka’s home turf 🏏#SLvPAK #BackTheBoysInGreen pic.twitter.com/6kYiObaARy
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) January 7, 2026
پاکستان کو چوتھا نقصان فخر زمان کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 10 گیندوں پر 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس موقع پر وکٹ کیپر عثمان خان اور شاداب خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 17ویں اوور میں کامیابی دلادی۔ شاداب خان 12 گیندوں پر 18 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ عثمان خان نے 13 گیندوں پر 7 رنز بنائے۔
سری لنکا کی جانب سے ونندو ہسرنگا، دشمانتھا چمیرا، مہیش تھیکشانا اور دھننجایا ڈی سلوا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی20 سیریز: پاکستان کرکٹ ٹیم سری لنکا پہنچ گئی، شاندار روایتی استقبال
اس سے قبل پاکستان کے بولرز نے کپتان سلمان علی آغا کے پہلے فیلڈنگ کے فیصلے کو درست ثابت کرتے ہوئے سری لنکا کو 19.2 اوورز میں 128 رنز پر ڈھیر کردیا۔ سری لنکن ٹیم کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور دونوں اوپنرز کمِل مشارا بغیر کھاتہ کھولے جبکہ پاتھم نسانکا 15 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔
⚡Opening batter Sahibzada Farhan brings up his 8th T20I half-century 🏏#SLvPAK #BackTheBoysInGreen pic.twitter.com/mmB1MvsPfj
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) January 7, 2026
کوشل مینڈس نے 14 اور دھننجایا ڈی سلوا نے 10 رنز بنا کر اننگز سنبھالنے کی کوشش کی، مگر اسکور 38 پر 4 ہوگیا۔ اس کے بعد جینتھ لیاناجے نے مزاحمتی بیٹنگ کرتے ہوئے 31 گیندوں پر 40 رنز بنائے، جس میں 2 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، تاہم وہ بھی 18ویں اوور میں آؤٹ ہوگئے۔
اختتامی اوورز میں سلمان مرزا نے سری لنکن کپتان داسن شناکا 12 اور دشمنتھا چمیرا صفر کو آؤٹ کرکے پاکستان کی پوزیشن مزید مضبوط کردی۔ آخری اوور میں محمد وسیم جونیئر نے مہیش تھیکشانا کو آؤٹ کرکے اننگز کا خاتمہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: شاداب خان کی 6 ماہ بعد واپسی، سری لنکا کے خلاف پاکستان کے 15 رکنی ٹی 20 اسکواڈ کا اعلان
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد اور سلمان مرزا نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاداب خان اور محمد وسیم جونیئر کے حصے میں 2، 2 وکٹیں آئیں۔
Trophy stop! 🏆
ICC Men’s T20 World Cup 2026 trophy makes a short visit to Dambulla, Captains Salman Ali Agha & Dasun Shanaka pose before the 3-match series opener 📹#SLvPAK #BackTheBoysInGreen pic.twitter.com/rA7unVVDyO
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) January 7, 2026
اس فتح کے ساتھ پاکستان کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے، جبکہ دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ جمعہ کو اسی میدان میں کھیلا جائے گا۔












