وی ایکسکلوسیو: سہیل آفریدی میرے حلقے میں آکر جلسہ کریں چارٹر طیارہ بھی فراہم کروں گا، وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر کی پیشکش

جمعرات 8 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب کے وزیر برائے تعلیم رانا سکندر حیات نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل خان آفریدی کو پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ میرے حلقے میں آ کر جلسہ کریں۔ چارٹر طیارے کا انتظام کرکے دینے کے ساتھ ساتھ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اجازت بھی لے کر دوں گا۔

’وی نیوز‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی جب لاہور آئے تو ہم نے انہیں خوش آمدید کہا، ان کے لیے اسمبلی کے دروازے کھولے لیکن وہ 100 لوگوں کے بجائے 250 افراد کو لے کر آگئے۔

مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں گورننس اور صفائی انتظامات کی نگرانی مزید سخت کردی

انہوں نے کہاکہ بغیر اجازت کسی کو پنجاب اسمبلی میں جانے کی اجازت کیسے دی جا سکتی ہے، یہ پنجاب اسمبلی ہے کوئی پریڈ گراؤنڈ نہیں تھا۔

رانا سکندر نے کہاکہ سہیل آفریدی کو مکمل سیکیورٹی مہیا کی گئی، انہوں نے جہاں جانا چاہا گئے لیکن لوگ اکٹھے نہیں کر سکے۔

’یہ کہتے ہیں ناں کہ عمران خان کے نام پر لوگ اکٹھے ہو جاتے ہیں، آئیں میرے حلقے بھائی پھیرو میں اور جس جگہ چاہیں جلسہ کرلیں، میں مریم نواز سے اجازت لے کر دوں گا۔ اور اسی روز میں بھی ان کے سامنے جلسہ کروں گا، پھر دیکھتے ہیں کس کے پروگرام میں لوگ زیادہ آتے ہیں۔‘

’فارم 47 کا بیانیہ جھوٹا، اپنے حلقے کا فرانزک آڈٹ کروانے کے لیے تیار ہوں‘

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کا فارم 47 کا بیانیہ جھوٹا ہے، پی ٹی آئی کے لوگ آئیں اور حلقہ کھولیں، دیکھتے ہیں کس کے ووٹ زیادہ ہیں، ٹربیونل میں جانے کی ضرورت نہیں، یہ میرے حلقے کا فرانزک کروا لیں۔

وزیر تعلیم نے کہاکہ حلقہ فرانزک کروانے کے پیسے بھی میں دوں گا، اور اگر ایک بھی پولنگ اسٹیشن میں دھاندلی ثابت ہوگئی تو میں خود اپنے ہاتھ سے استعفیٰ دے دوں گا۔

انہوں نے کہاکہ میں ان کے 14 کے قریب پی ٹی آئی کے ایم پی ایز کو اس کا چیلنج دے چکا ہوں، پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی ایوان میں نہیں آتے،  میری شرط ہے کہ اگر میں فارم 47 والا ثابت نہ ہوا تو پی ٹی آئی والے یہ لکھ کر دیں گے کہ ان کا بیانیہ جھوٹا تھا۔

’میں حلفاً کہتا ہوں کہ مریم نواز نے کبھی کرپشن نہیں کی‘

رانا سکندر نے کہاکہ میں حلفاً کہتا ہوں کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کبھی کرپشن نہیں کی، وزیراعلیٰ کی خدمت کی سیاست کی وجہ سے مسلم لیگ ن نے ضمنی الیکشن جیتا۔ اب کوئی کہے نا کہ وزیراعلیٰ پیسے لے کر ڈپٹی کمشنر لگاتی ہے۔

’پی ٹی آئی دور کے ایک بیورکریٹ طاہر خورشید نے اربوں کی سلامیاں لیں، 5،5 کروڑ روپے ڈپٹی کمشنر لگانے کا ریٹ تھا۔‘

’وزیر بنا تو نواز شریف نے کہا پی ٹی آئی والوں سے بدلا نہیں لینا‘

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہاکہ میری نواز شریف سے ایک ملاقات ہوئی ہے جب میں وزیر بنا تو انہوں نے مجھے دو باتیں کہیں، اور کہاکہ تم نوجوان ہو اور اس ملک کے مسائل کا حل نوجوانوں کے پاس ہے۔

’دوسرا میاں نواز شریف نے کہاکہ تم نوجوان ہو تمہارا خون جوش مارتا ہوگا، پی ٹی آئی نے جو بھی ہمارے ساتھ کیا ہے اس کا بدلا نہیں لینا، ہمارے لیڈر نے معاف کیا ہے تو تب ہی ہم نے ان کو معاف کردیا ہے۔‘

’پنجاب میں اسکولوں سے باہر بچوں کی تعداد غلط بتائی گئی‘

رانا سکندر نے کہاکہ وفاقی وزیر احسن اقبال کو پرانے فگرز بتائے گئے کہ پنجاب میں 3 کروڑ بچے اسکول نہیں جارہے، ایسا نہیں ہے، میرے اعدادوشمار کے مطابق پنجاب میں 50 سے 60 لاکھ بچے اس وقت اسکول سے باہر ہیں۔

’ہم اب بچوں کی میپنگ کرنے جارہے ہیں، اس میپنگ میں پرائیویٹ اور سرکاری سب اسکول ہوں گے، اس سال جولائی میں بچوں کی میپنگ مکمل ہو جائے گی۔‘

مزید پڑھیں: پنجاب کو زیادہ پیسہ ملنے کا جھوٹ بولا جاتا ہے، کام کرنے کے لیے نیت اور ارادے کی کمی ہے، مریم نواز

’8 فروری کو پی ٹی آئی کا احتجاج ناکام ہوگا‘

رانا سکندر نے کہاکہ 8 فروری کو کوئی پہیہ جام ہڑتال نہیں ہوگی، سب کچھ کھلا ہوا ہوگا، پی ٹی آئی کو اپنے صوبے پر توجہ دینی چاہیے، احتجاج کی کالز آپ نے بہت دے دیں۔ اصل میں یہ چند لوگ اکٹھے کرکے تصاویر بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کردیتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

جرمن شہریت کے ساتھ پاکستانی پاسپورٹ کی اجازت، پاکستان اور جرمنی کے درمیان دوہری شہریت کا تاریخی معاہدہ

کیا پاکستان کے مسائل کا واحد حل ٹیکنوکریٹس ہیں، ماضی میں ٹیکنوکریسی کیوں ناکام رہی؟

سخت سردی میں سوپ پینے والوں کی تعداد میں اضافہ

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے ذمہ دار وہ خود ہیں، ترجمان حکومت سندھ مصطفیٰ بلوچ

سانحہ 9 مئی: سہیل آفریدی کی موجودگی ثابت، ایف آئی آر میں نامزد نہ کیا گیا تو عدالت سے رجوع کریں گے، وکیل ریڈیو پاکستان

ویڈیو

سخت سردی میں سوپ پینے والوں کی تعداد میں اضافہ

سانحہ 9 مئی: سہیل آفریدی کی موجودگی ثابت، ایف آئی آر میں نامزد نہ کیا گیا تو عدالت سے رجوع کریں گے، وکیل ریڈیو پاکستان

کیا ونڈر بوائے آ رہا ہے؟ پی ٹی آئی کی آخری رسومات ادا

کالم / تجزیہ

وزیر اعلیٰ ہو تو سہیل آفریدی جیسا

ہیرا ایک ہی ہے

’نہیں فرازؔ تو لوگوں کو یاد آتا ہے‘