امریکا کا وینزویلا پر مکمل اختیار، فیصلے اور تیل کی فروخت واشنگٹن کے ہاتھ میں

جمعہ 9 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ نکولس مادورو کی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد امریکا وینزویلا کی عبوری قیادت کے تمام اہم فیصلے خود طے کرے گا اور ملک کے تیل کی فروخت پر غیر معینہ مدت تک کنٹرول رکھے گا۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکا کو اس وقت وینزویلا کی عبوری حکومت پر ’مکمل اثر و رسوخ‘ حاصل ہے اور اس کے فیصلے واشنگٹن کی ہدایات کے مطابق ہوں گے۔

ٹرمپ کا دعویٰ: امریکا برسوں تک وینزویلا چلا سکتا ہے

صدر ٹرمپ نے بعد ازاں ’نیویارک ٹائمز‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امریکا مؤثر طور پر وینزویلا کو آنے والے کئی برسوں تک چلا سکتا ہے اور اس کے تیل کے وسیع ذخائر سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

ٹرمپ نے کہا ’وہ ہمیں ہر وہ چیز دے رہے ہیں جو ہمیں ضروری لگتی ہے۔ یہ مت بھولیے کہ برسوں پہلے انہوں نے ہم سے تیل چھین لیا تھا۔‘

یہ بھی پڑھیے ٹرمپ کا بین الاقوامی قانون ماننے سے انکار، اقوام متحدہ نے ’سامراجی دور‘ کی واپسی کا خدشہ ظاہر کر دیا

جب ان سے پوچھا گیا کہ امریکی کنٹرول 3 ماہ، 6 ماہ یا ایک سال تک رہے گا؟ انہوں نے جواب دیا ’میں کہوں گا کہ یہ اس سے کہیں زیادہ عرصے تک رہے گا۔‘

عبوری صدر کا ردعمل: کوئی غیر ملکی طاقت کاراکاس پر حکومت نہیں کر رہی

وینزویلا کی عبوری صدر ڈیلسے روڈریگز نے امریکی دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کاراکاس پر کسی غیر ملکی طاقت کی حکومت نہیں ہے۔

انہوں نے مادورو کو ہٹانے کے لیے امریکی حملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے تعلقات پر ایک ایسا داغ ہے جو ہماری تاریخ میں پہلے کبھی نہیں لگا۔

خصوصی فوجی کارروائی، مادورو اور اہلیہ گرفتار

گزشتہ ہفتے کے روز امریکی اسپیشل فورسز نے اچانک کارروائی کرتے ہوئے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ سیلیا فلورس کو گرفتار کر لیا اور انہیں نیویارک منتقل کر دیا، جہاں ان پر منشیات اور اسلحہ سے متعلق مقدمات قائم کیے گئے ہیں۔

ٹرمپ نے اس کارروائی کو امریکا کی بالادستی کے نظریے، جسے انہوں نے ’ڈونرو ڈاکٹرائن‘ قرار دیا، کا عملی مظاہرہ کہا۔

وائٹ ہاؤس: عبوری حکومت کے فیصلے امریکا طے کرے گا

وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے پریس بریفنگ میں کہا ’اس وقت ہمیں وینزویلا کی عبوری اتھارٹیز پر مکمل اختیار حاصل ہے۔ ان کے فیصلے امریکا ہی طے کرتا رہے گا۔‘

زمینی فوج نہیں، بحری ناکہ بندی اور دھمکیوں پر انحصار

اگرچہ امریکا نے وینزویلا میں زمینی فوج تعینات نہیں کی، تاہم اطلاعات کے مطابق وہ بحری ناکہ بندی اور مزید فوجی کارروائی کی دھمکیوں کے ذریعے عبوری حکومت کو تعاون پر مجبور کر رہا ہے۔

حملے میں کم از کم 100 افراد ہلاک: کاراکاس

وینزویلا کے دارالحکومت کاراکاس نے بدھ کو اعلان کیا کہ امریکی حملے میں کم از کم 100 افراد ہلاک اور اتنی ہی تعداد میں زخمی ہوئے۔

یہ بھی پڑھیے ’امریکا فرسٹ‘ پالیسی: صدر ٹرمپ کا امریکا کو 66 بین الاقوامی اور عالمی تنظیموں سے الگ کرنے کا اعلان

وزیر داخلہ دیوسدادو کیبیلو کے مطابق زخمیوں میں صدر مادورو اور ان کی اہلیہ بھی شامل ہیں، تاہم وہ نیویارک کی عدالت میں پیشی کے دوران خود چلتے ہوئے نظر آئے۔

کیوبا کے فوجی بھی ہلاک

کیوبا کے حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں کیوبا کے 32 فوجی اہلکار بھی شامل ہیں۔ مادورو، اپنے پیش رو ہوگو شاویز کی طرح، کیوبا کے خصوصی تربیت یافتہ فوجیوں کو ذاتی محافظ کے طور پر استعمال کرتے تھے۔

تیل کے بدلے امریکی مصنوعات کی شرط

ٹرمپ نے کہا کہ ایک معاہدے کے تحت وینزویلا 3 کروڑ سے 5 کروڑ بیرل تیل امریکا کے حوالے کرے گا، جسے امریکا فروخت کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تیل سے حاصل ہونے والی آمدن سے وینزویلا صرف امریکی ساختہ مصنوعات خریدے گا، جن میں زرعی اجناس، مشینری، طبی آلات اور توانائی سے متعلق سازوسامان شامل ہوں گے۔

طویل المدتی تیل کنٹرول کا عندیہ

امریکی وزیر توانائی کرس رائٹ نے کہا کہ امریکا وینزویلا سے نکلنے والے خام تیل کی فروخت غیر معینہ مدت تک کرتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم پہلے ذخیرہ شدہ تیل بیچیں گے، اس کے بعد مستقبل میں پیدا ہونے والا تیل بھی مستقل طور پر ہم ہی فروخت کریں گے۔

امریکی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت

صدر ٹرمپ آج بروز جمعہ امریکی تیل کمپنیوں کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ کمپنیاں وینزویلا کے تباہ حال تیل کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں گی، اگرچہ اب تک کسی کمپنی نے باضابطہ اعلان نہیں کیا۔

روسی جہاز سمیت 2 آئل ٹینکر ضبط

امریکا نے اپنی بالادستی مزید مستحکم کرتے ہوئے 2 آئل ٹینکروں کو قبضے میں لے لیا، جن میں ایک روس سے منسلک جہاز بھی شامل تھا۔

ماسکو نے اس اقدام کی مذمت کی، تاہم وائٹ ہاؤس نے دعویٰ کیا کہ یہ جہاز ’غلط پرچم‘ کے تحت چل رہا تھا اور اسے بے ریاست قرار دیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

پریانکا چوپڑا ملک چھوڑنے پر کیوں مجبور ہوئیں؟ بالی ووڈ پروڈیوسر کے انکشافات

بھاٹی گیٹ سانحہ: وزیر اطلاعات پنجاب سمیت افسران کیخلاف مقدمے کی درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر

تیراہ آپریشن: پاکستان کے دہشتگرد مخالف اقدامات کے حقائق عوام کے سامنے

سپریم کورٹ: 40 تولہ حق مہر پر اعتراض، چیف جسٹس کا شوہر کو ادائیگی کا مشورہ

اسلام آباد میں نئے کنونشن سینٹر کی تعمیر، محسن نقوی کا مجوزہ جگہ کا دورہ

ویڈیو

سخت شرائط کے باوجود اسٹینڈ بائی پروگرام حاصل کیا اور پاکستان کو اقتصادی بحران سے نکالا، شہباز شریف

کیا محمود اچکزئی حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کروا پائیں گے؟

 خون جما دینے والی سردی کا توڑ لاندی جو گھروں سے نکل کر ہوٹل تک پہنچ گئی

کالم / تجزیہ

طالبان کہانی: افغان طالبان سے پاکستانی طالبان تک

کیا سوشل میڈیا کا دور ختم ہوا؟

ایک تھا ونڈر بوائے