ایپل مبینہ طور پر اپنے پہلے فولڈ ایبل اسمارٹ فون آئی فون فولڈ پر کام تیز کر چکا ہے تاہم کمپنی کو اندرونی اسکرین پر پڑنے والی شکن ختم کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے جو اس آنے والی ڈیوائس کی ڈیزائن ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ توقع ہے کہ آئی فون فولڈ سنہ 2026 میں متعارف کرایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ایپل 2026 کے آغاز میں نئی اپ ڈیٹس اور ڈیوائسز متعارف کرانے کو تیار
تازہ افواہوں کے مطابق ایپل نے مختلف حریف فولڈ ایبل ڈیوائسز کا تفصیلی جائزہ لیا تاکہ یہ سمجھا جا سکے کہ وہ اسکرین پر کم سے کم شکن کیسے پیدا کرتے ہیں۔ اس سلسلے میں اوپو کے جدید فولڈ ایبل فون نے ایپل کی خاص توجہ حاصل کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق آئی فون فولڈ کا اسپیکٹ ریشو دیگر بک اسٹائل فولڈ ایبل فونز کے مقابلے میں زیادہ چوڑا ہوگا اور فولڈ کھلنے کی صورت میں یہ آئی پیڈ منی جیسا دکھائی دے سکتا ہے۔
ایپل کا مقصد ایک ہموار اور کم بصری بگاڑ والی اندرونی اسکرین تیار کرنا ہے تاہم موجودہ پروٹوٹائپس اس ہدف کو حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
سام سنگ ڈسپلے کے استعمال کا امکان
چینی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ویبو پر ایک ٹپسٹر کے مطابق، ایپل نے اوپو کے فولڈ ایبل فون OPPO Find N5 کو کھول کر اس کی اسکرین ٹیکنالوجی کا مطالعہ کیا تاکہ یہ جانا جا سکے کہ اس میں شکن اتنی کم کیوں نظر آتی ہے۔ تاہم دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایپل کے اندرونی پروٹوٹائپس اوپو جیسی کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔
مزید پڑھیے: ایپل نے پرانے آئی فون ماڈلز بند کر دیے، آئی فون 16e میں اپ گریڈ کا راستہ کھل گیا
یہ ابھی واضح نہیں کہ آیا ایپل اوپو کی جانب سے استعمال کی جانے والی درست تکنیک یا مواد کو سمجھنے یا اپنانے میں کامیاب ہوا ہے یا نہیں۔
افواہوں میں اس بات کی تصدیق بھی نہیں کی گئی کہ ایپل نے اس ٹیکنالوجی کو بہتر بنانے یا نقل کرنے میں کوئی کامیابی حاصل کی ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ OPPO Find N5 میں استعمال ہونے والی اندرونی فولڈ ایبل اسکرین سام سنگ تیار کرتا ہے۔ اسی وجہ سے قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ ایپل بھی اپنے آئی فون فولڈ کے لیے سام سنگ کی تیار کردہ ڈسپلے استعمال کر سکتا ہے کیونکہ مبینہ طور پر ایپل اپنے تمام اندرونی آپشنز آزما چکا ہے۔
حالیہ رپورٹس کے مطابق سام سنگ کی بغیر شکن ڈسپلے ٹیکنالوجی جو CES 2025 میں پیش کی گئی تھی ممکن ہے کہ سب سے پہلے ایپل کے فولڈ ایبل فون میں متعارف کرائی جائے بجائے اس کے کہ یہ کسی مستقبل کے گیلیکسی زی فولڈ ماڈل کا حصہ بنے۔
مزید پڑھیں: سام سنگ کے 3 بار فولڈ ہونے والے اسمارٹ فون کا پہلا اسٹاک مارکیٹ میں آتے ہی فروخت ہوگیا
ماہرین کے مطابق ایپل کا سام سنگ سے ڈسپلے حاصل کرنا اس کی طویل المدتی سپلائی چین پالیسی سے ہم آہنگ ہے کیونکہ ایپل ماضی میں بھی آئی فون کے کئی اہم پرزوں کے لیے سام سنگ پر انحصار کرتا رہا ہے۔













