امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وینزویلا کی جانب سے بڑی تعداد میں سیاسی قیدیوں کی رہائی ایک نہایت اہم اور دانشمندانہ قدم ہے، جو اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ وینزویلا امن کی راہ اختیار کرنا چاہتا ہے۔
ٹروتھ سوشل پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس مثبت پیش رفت کے بعد امریکا اور وینزویلا کے درمیان تعاون میں نمایاں بہتری آئی ہے، خصوصاً تیل اور گیس کے شعبے میں بنیادی ڈھانچے کی ازسرِنو تعمیر کے حوالے سے دونوں ممالک مل کر کام کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: کسی بھی ملک میں کارروائی کرنے کے لیے آزاد ہیں، صدر ٹرمپ
صدر ٹرمپ نے بتایا کہ اس تعاون کے نتیجے میں وینزویلا کے تیل و گیس کے انفراسٹرکچر کو پہلے سے کہیں زیادہ جدید، بہتر اور بڑے پیمانے پر بحال کیا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اسی وجہ سے وینزویلا کے خلاف متوقع دوسری لہر کے حملے کو منسوخ کر دیا گیا ہے، کیونکہ اب اس کی ضرورت محسوس نہیں ہو رہی۔
تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ حفاظتی اور سیکیورٹی مقاصد کے پیش نظر تمام بحری جہاز اپنی موجودہ پوزیشنز پر برقرار رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیے: ٹرمپ کا بین الاقوامی قانون ماننے سے انکار، اقوام متحدہ نے ’سامراجی دور‘ کی واپسی کا خدشہ ظاہر کر دیا
صدر ٹرمپ کے مطابق اس نئے تعاون کے تحت عالمی سطح کی بڑی تیل کمپنیوں کی جانب سے کم از کم 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وہ آج وائٹ ہاؤس میں ان بڑی آئل کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔














