امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا قومی سلامتی کے مفاد میں گرین لینڈ پر کنٹرول حاصل کرے گا، چاہے یہ کام بات چیت سے ہو یا پھر طاقت کے ذریعے۔ ان کا کہنا ہے کہ آرکٹک خطے میں روس اور چین کی بڑھتی ہوئی سرگرمیاں امریکا کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:گرین لینڈ پر امریکی قبضے کی تیاری، شہریوں کو فی کس ایک لاکھ ڈالر کی پیشکش پر غور
واشنگٹن میں ایک اجلاس کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا گرین لینڈ کے معاملے پر سنجیدہ ہے اور اس حوالے سے کوئی نہ کوئی قدم ضرور اٹھایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے کو ’آسان طریقے‘ سے حل کرنا چاہتے ہیں، تاہم اگر ایسا ممکن نہ ہوا تو ’مشکل راستہ‘ بھی اختیار کیا جا سکتا ہے۔
twitter.com/everruler14029/status/2007881421634073049
صدر ٹرمپ کے مطابق گرین لینڈ معدنی وسائل سے مالا مال ہے اور اس پر کنٹرول امریکی قومی سلامتی کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر امریکا نے قدم نہ اٹھایا تو روس یا چین وہاں اپنا اثر و رسوخ بڑھا سکتے ہیں، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔

ٹرمپ نے ڈنمارک کی خودمختاری کو نظرانداز کرتے ہوئے کہا کہ صرف اس بنیاد پر کہ ڈنمارک کا تاریخی تعلق گرین لینڈ سے رہا ہے، یہ ثابت نہیں ہوتا کہ وہ ہمیشہ اس جزیرے کا مالک رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں:گرین لینڈ کے پوشیدہ ‘خزانے’ جن کی وجہ سے امریکا اس پر قبضہ کرنا چاہتا ہے
دوسری جانب ڈنمارک اور یورپی اتحادیوں نے امریکی صدر کے بیانات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ڈنمارک کی وزیر اعظم نے خبردار کیا ہے کہ گرین لینڈ پر کسی بھی قسم کی فوجی کارروائی کے سنگین نتائج ہو سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا پہلے ہی گرین لینڈ میں ایک فوجی اڈا رکھتا ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں امریکی وزیر خارجہ کی ڈنمارک اور گرین لینڈ کے نمائندوں سے ملاقات بھی متوقع ہے۔













