سیف اللہ نیازی اور ابرارالحق نے بھی پی ٹی آئی سے فاصلہ پیدا کرلیا

جمعہ 26 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سینیٹر سیف اللہ اور ابرار الحق نے بھی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو خیرباد کہہ دیا ہے.

سیف اللہ نیازی نے ایک مختصر پریس کانفرنس کے دوران 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ اپنے خاندان کو وقت دینے اور اپنی ذاتی صحت کے لیے پی ٹی آئی سے علحیدگی اختیار کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ پچھلے کچھ عرصے سے سیاست میں رہتے ہوئے شدید ذہنی دباؤ کا شکار رہے ہیں اس لیے پارٹی سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے 9 مئی کے واقعات پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان واقعات سے ملک اور سیاست کو نقصان ہوا جس کی وہ مذمت کرتے ہیں۔

دریں اثنا پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے گلوکار ابرارالحق نے بھی ایک پریس کانفرنس کے ذریعے پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کیا۔

اس موقع پر ابرار الحق نے روتے ہوئے 9 مئی کے واقعات پر دکھ کا اظہار کیا اور ساتھ ہی پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان بھی کیا۔

ابرار الحق نے کہا کہ شروع سے ہی دل میں شہادت کی آرزو ہے خانہ کعبہ بھی گیا تو وہاں بھی شہادت کی دعا کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہدا کا بے حد احترام کرتا ہوں، 9 مئی کو شہدائے پاکستان کی یادگاروں پر جو بھی حملے ہوئے توڑ پھوڑ ہوئی اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔

ابرار الحق کا کہنا تھا کہ میری سب سے بڑی دلچسپی اور نظریہ سماجی کام ہیں اور یہ سب کو پتہ ہے کہ سہاراٹرسٹ کے لیے میں دن رات کام کر رہا ہوں۔ ان کا مزید کہنا تھا سہارا ٹرسٹ نے شہدا کے بچوں کے لیے خصوصی پیکیجز اور مفت تعلیم کا اعلان کیا ہوا ہے کیوں کہ شہدا ہمارا مان ہیں جنہوں نے ملک کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ جہاں جہاں شہدا کی تصویریں لگی دیکھتے ہیں تو ان کو غیر ارادی طور پر بھی سیلوٹ کرتے ہیں اور ان تصاویر کو دیکھ کر دل میں ایک جذبہ پیدا ہوتا ہے۔

ابرارالحق نے کہا کہ لوگ سیاست میں آتے ہیں، عہدے بھی مل جاتے ہیں لیکن میرا سیاست میں آنے کا ایسا کوئی مقصد نہیں تھا اور کسی مقبولیت کی بھی خواہش نہیں تھی بلکہ مقصد عوام کے لیے کوئی بڑا کام کرنا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں چاہتا تھا کہ کوئی بٹن ہو جو دباؤں تو پاکستان بدل جائے لیکن آج جو سیاسی رویے نظر آئے اس میں یہ خواہش پوری ہوتی ہوئی نظر نہیں آ رہی ہے اب چوں کہ میرا مقصد پورا ہوتا ہوا دکھائی نہیں دے رہا اس لیے سیاست سے علیحدگی کا اعلان کرتا ہوں۔

9 مئی کے واقعات کے حوالے سے ابرار الحق کا کہنا تھا کہ وہ شاردہ سے واپس آتے ہوئے شہدا کی یادگاروں کو جلا ہوا دیکھ کر روئے اور انہیں پی ٹی آئی کے لوگ کی جانب سے اس توڑ پھوڑ کی اس پر بہت دکھ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ شہدا کی یادگاریں طرہ امتیاز ہیں جن کے جلنے کی بہت تکلیف ہے اور مجھے نہیں لگتا کہ اس طرح کے رویوں کے ساتھ ہم پاکستان کی ترقی آگے بڑھا سکتے ہیں۔

ابرارالحق نے پیغام دیا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی صلاح حدیبیہ ہمارا لیے بہت بڑا پیغام ہے، کبھی کبھی معاملہ فہمی کے ساتھ بھی آگے بڑھنے کی ضرورت ہوتی ہے لیکن 9 مئی کے واقعات کے نتیجے میں جو خدشات اورمسائل پیدا ہوئے اور جو احساسات مجروح ہوئے ان کو سامنے رکھتے ہوئے پارٹی چھوڑ رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میری بڑی ترجیح سہارا ٹرسٹ ہے، سوشل ورک میرے دل کے اتنا قریب ہے کہ اس کے لیے سیاست بھی چھوڑی جا سکتی ہے۔ پاکستان رہنے کے لیے بنا ہے اور ہماری ترجیح پاکستان ہونی چاہیے۔

آخر میں ابرار الحق ایک نظم پڑتے ہوئے اور سیاست سے علحیدگی کا اعلان کرتے ہوئے رو پڑے۔ انہوں کہا کہ کرتا ہوں سیاست اور پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کرتا ہوں اور ساتھ ہی یہ نظم پڑی۔

جو راہ حق میں چلے گئے، ان پہ دل واروں جاں واروں

اس ملک کے رکھوالوں پہ کیا کیا واروں

اس دیس کو قائم رہنا ہےاس دیس کو قائم رہنا ہے

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp