نئے صوبے ملک کے مفاد میں ہیں، مخالفت کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دینا ہوگا، عبدالعلیم خان

اتوار 11 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر مواصلات اور استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ مسائل کے حل کے لیے ملک میں زیادہ صوبے ہونا ضروری ہیں اور نئے صوبے عوام کے مفاد میں ہیں۔

گوجرانوالہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملک میں صوبوں کی تعداد بڑھانے کی تحریک چل رہی ہے، اور جو لوگ اس کے خلاف ہیں انہیں منہ توڑ جواب دینا ہوگا۔

مزید پڑھیں: ملک میں نئے صوبے بنانے کی بازگشت، بلاول بھٹو بول پڑے

علیم خان نے کہا کہ فی الحال یہاں صرف ایک ہائیکورٹ موجود ہے جس تک لوگ دور دراز سے آتے ہیں، اس لیے وہ جنوبی، شمالی اور وسطی پنجاب کے قیام کے حق میں ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبوں کے نام بدلنے کا مقصد نہیں ہے، بلوچستان کا نام بلوچستان ہی رہے گا۔ اگر سندھ میں حکومت ہے تو وہاں ایک کے بجائے تین وزرائے اعلیٰ بنائے جا سکتے ہیں، اور بلوچستان میں بھی تین وزرائے اعلیٰ رکھنے میں کوئی حرج نہیں۔

وفاقی وزیر نے زور دیا کہ مسائل کا مؤثر حل زیادہ صوبوں کے قیام سے ممکن ہے اور نئے صوبے سب کے فائدے کے لیے ہیں۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ عوامی مسائل کے حل میں تعاون کریں۔

واضح رہے کہ ملک میں نئے صوبوں کی بات کچھ عرصے سے چل رہی ہے، تاہم پاکستان پیپلز پارٹی کا اس پر مؤقف ہے کہ پہلے جنوبی پنجاب صوبہ بنایا جائے، اس کے بعد دیگر کی بات ہو سکتی ہے۔

مزید پڑھیں: کیا 28ویں ترمیم میں نئے صوبے بن سکیں گے؟

دوسری جانب مسلم لیگ ن نئے صوبوں کے حوالے سے کوئی واضح مؤقف نہیں رکھتی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp