خیبرپختونخوا کے ضلع دیر میں واقع اسکول کے سابق اور موجودہ شاگردوں کی جانب سے اپنے محبوب اور قابلِ احترام استاد ارشاد شاہین کو گاڑی بطور تحفہ پیش کرنے کے لیے ایک پُروقار اور یادگار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس تقریب میں سنہ 1990 سے لے کر 2025 تک کے مختلف بیچز سے تعلق رکھنے والے شاگردوں نے شرکت کی، جن میں وہ طلبہ بھی شامل تھے جو تعلیم مکمل کرنے کے بعد ملک کے مختلف شہروں اور بیرونِ ملک مقیم ہیں۔
تقریب میں مقررین نے استاد اور شاگرد کے رشتے کی عظمت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ ارشاد شاہین نہ صرف ایک بہترین معلم رہے ہیں بلکہ انہوں نے نسلوں کی فکری، اخلاقی اور تعلیمی تربیت میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
شاگردوں کا کہنا تھا کہ یہ تحفہ کسی مالی حیثیت کی نمائش نہیں بلکہ اپنے استاد کے لیے محبت، احترام اور احسان مندی کا اظہار ہے۔
اس موقع پر شاگردوں نے باقاعدہ طور پر گاڑی کی چابیاں استاد ارشاد شاہین کے حوالے کیں تو محفل جذباتی مناظر کا منظر پیش کرنے لگی۔
استاد ارشاد شاہین نے اپنے تاثرات میں کہاکہ یہ ان کے لیے زندگی کا ایک ناقابلِ فراموش لمحہ ہے، اور شاگردوں کی یہ محبت ان کی تمام تر خدمات کا سب سے بڑا صلہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ ایک استاد کی اصل کامیابی اس کے شاگردوں کی کردار سازی اور عملی زندگی میں کامیابی ہوتی ہے۔
تقریب کے آخر میں اساتذہ، معززین اور شاگردوں نے اس اقدام کو قابلِ تقلید قرار دیتے ہوئے کہاکہ ایسے مثبت اور تعمیری اقدامات معاشرے میں اساتذہ کے مقام کو مزید بلند کرتے ہیں اور نئی نسل کے لیے ایک روشن مثال قائم کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: ہری پور کا تاریخی گاؤں کوٹ نجیب اللہ، جہاں ہر گھر میں استاد ہیں
شرکا نے اس امید کا اظہار کیاکہ استاد اور شاگرد کے اس مقدس رشتے کی یہ مثال دیگر تعلیمی اداروں کے لیے بھی مشعلِ راہ ثابت ہوگی۔ مزید جانیے محمد اسلام کی اس ویڈیو رپورٹ میں۔













