بھتہ خوری اور فائرنگ کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ایک خطرناک جرائم پیشہ ملزم رات گئے ڈسٹرکٹ سٹی کے علاقے کھارادر میں پولیس مقابلے کے دوران ہلاک ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق کھارادر پولیس معمول کی پیٹرولنگ پر تھی کہ لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم موقع پر ہلاک ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ہلاک ملزم کی شناخت شاہزیب کے نام سے ہوئی ہے جو لیاری گینگ وار کے جمیل چھانگا گروپ کا سرگرم بھتہ خور تھا۔
یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد پولیس کے زیر حراست 2 ملزمان ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی
پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے بھتہ کی پرچی، ایک موبائل فون اور ایک پستول بمعہ راؤنڈز برآمد ہوئے۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ 7 روز قبل جیلانی سینٹر کے ایک تاجر کو بھتہ کا میسج موصول ہوا تھا اور ملزم اسی تاجر کو بھتہ کی پرچی دینے آ رہا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم نے 2 ماہ قبل کھارادر میں زیر تعمیر عمارت کے بلڈر کو بھتہ کی پرچی دی تھی اور فائرنگ کر کے مزدوروں کو زخمی کیا تھا، جبکہ چند ماہ قبل اپنے ساتھیوں کے ہمراہ علاقے میں وال چاکنگ اور ہوائی فائرنگ کی وارداتوں میں بھی ملوث رہا۔
ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کے مطابق ہلاک ملزم کا طویل کریمنل ریکارڈ موجود ہے، جس میں بھتہ خوری، ڈکیتی، اسلحہ ایکٹ اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج تھے۔
یہ بھی پڑھیے: امریکا: 37 سالہ خاتون کو گولی مارنے والے پولیس اہلکار کا نام سامنے آگیا
ادھر وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کامیاب کارروائی پر ایس ایس پی سٹی اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ جرائم کے خلاف پولیس کی مؤثر کارکردگی سے عوام کے اعتماد میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سندھ کی سرزمین پر بھتہ خوروں، ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ گروہوں کو پنپنے نہیں دیا جائے گا۔
وزیر داخلہ سندھ نے جرائم پیشہ عناصر کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ان کے مکمل خاتمے تک تعاقب جاری رکھے گی، جبکہ کریک ڈاؤن، چھاپوں اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مزید تیز کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ قانونی کارروائی کا عمل جاری ہے۔














