پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان سے آج اڈیالہ جیل میں ملاقات کا دن ہے، تاہم جیل انتظامیہ نے ابھی تک کسی کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی، جس کے خلاف علیمہ خان اور دیگر نے جیل کے قریب دھرنا دے دیا ہے۔
گزشتہ منگل جیل حکام کی تحریری یقین دہانی کے باوجود آج پھر ملاقات نہیں کروائی گئی، عمران خان کی بہنیں اور کارکنان اڈیالہ جیل کے باہر موجود، دھرنا جاری pic.twitter.com/4eUoIc4tMh
— Muhammad Umair (@MohUmair87) January 13, 2026
پی ٹی آئی نے آج کارکنوں کو کال دی تھی کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے یکجہتی کے لیے اڈیالہ جیل کے باہر پہنچیں، تاہم انتظامیہ نے اس تناظر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کررکھی ہے، اور جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں۔
مزید پڑھیں: عمران خان اڈیالہ جیل سے منتقل نہیں ہوئے نہ ہی ان کی صحت خراب ہے، رانا ثنااللہ
پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر بتایا کہ انہیں بحریہ ٹاؤن کے فوراً بعد پولیس نے ناکے پر روک لیا ہے۔
آج اڈیالہ جیل میں عمران خان صاحب سے وکلا کی ملاقات کا دن ہے۔ مجھے بحریہ ٹاؤن کے فورا بعد پولیس ناکے پر روک دیا گیا ہے۔
— salman akram raja (@salmanAraja) January 13, 2026
سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ ڈار نے بھی سوشل میڈیا پر بتایا کہ وہ رکشے پر سوار ہو کر اڈیالہ جیل کی جانب روانہ ہو چکی ہیں۔
پنجاب پولیس کی جانب سے اڈیالہ جیل کے تمام راستے بند کیے جانے کے باوجود، میں رکشے پر سوار ہو کر کٹھن اور دشوار گزار راستوں سے روانہ ہو چکی ہوں۔
ان شاء اللہ بہت جلد اپنی منزل پر پہنچوں گی۔
سفر کتنا ہی مشکل کیوں نہ ہو، عمران خان کی خاطر یہ جدوجہد نہیں رکے گی۔ pic.twitter.com/8B30BcxH0B— Rehana Dar (@RehanaImtiazDar) January 13, 2026
واضح رہے کہ ایک ماہ سے زیادہ عرصے سے عمران خان سے ملاقاتیں بند ہیں، اور حکومت کا مؤقف ہے کہ کسی کو بھی جیل میں بیٹھ کر سیاست کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
مزید پڑھیں: عمران خان اڈیالہ جیل میں موجود، جب تک بشریٰ بی بی کی ان تک رسائی نہیں وہ محفوظ ہیں، فیصل واوڈا
اس سے قبل عمران خان کی بہنیں کارکنوں کے ساتھ جیل کے باہر دھرنا دیتی رہی ہیں، جن کو واٹر کینن کا استعمال کرکے پولیس وہاں سے منتشر کرتی رہی۔













