وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے مراکش کا سرکاری دورہ کیا، جس کے دوران پاکستان اور مراکش کے درمیان دفاعی تعاون کے حوالے سے ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
مزید پڑھیں: سربراہ پاک فضائیہ کی عراقی ایئر چیف سے ملاقات، مشترکہ تربیت اور دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
اعلامیہ کے مطابق یہ یادداشت دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دی گئی ہے۔
دورے کے دوران وزیر دفاع نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر وفود کی سطح پر مذاکرات کی قیادت بھی کی۔
اس موقع پر انہوں نے مملکت مراکش کے وزیر خارجہ و افریقی تعاون ناصر بوریتا اور مراکش میں مقیم پاکستانی تارکین وطن سے ملاقاتیں بھی کیں۔
ملاقاتوں سے قبل وفاقی وزیر دفاع نے کنگ محمد پنجم کے مزار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور مزار کے مہمانوں کی کتاب میں دستخط کیے۔
مزید پڑھیں: پاک فضائیہ اور بنگلہ دیش ایئر فورس کے درمیان دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
وفاقی وزیر دفاع کے اس دورے کو پاکستان اور مراکش کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کی عکاسی قرار دیا گیا، جبکہ یہ دورہ دفاع، سلامتی اور دیگر مشترکہ مفاد کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی باہمی خواہش کا مظہر بھی ہے۔














